کراچی: پاکستان سمیت دنیا بھر کے 9 لاکھ سے زائد طلبہ کے امتحانات کے بغیر براہ راست گریڈنگ کے بعد کیمبرج اسسمنٹ انٹرنیشنل نے جون 2020 سیریز کے “اے اور او لیول” کے امتحانی نتائج جاری کردیے ہیں۔
دنیا میں پھیلی کورونا کی وبا کے سبب کیمبرج کی حالیہ تاریخ میں یہ پہلی بار امتحانات کے انعقاد کے بغیر متوقع گریڈ predicted grade دیے گئے ہیں اور پاکستان میں پہلی بار گریڈنگ کیساتھ ساتھ “رینکنگ” بھی کی گئی ہے۔
دنیا بھر کے 139 ممالک کے 4 ہزار سے زائد تعلیمی اداروں میں پاکستان کے 550 تعلیمی ادارے بھی شامل ہیں جو نتائج جاری کیے گئے ہیں ان میں کیمبرج “او لیول، آئی جی سی ایس ای، کیمبرج انٹرنیشنل اے ایس اور اے لیول، آئی پی کیو، اے آئی سی ای اور آئی سی ای” 9 لاکھ 50 ہزار گریڈ جاری کیے گئے ہیں۔
کیمبرج کے اعلامیے کے مطابق پاکستان میں اس سال مقبول مضامین انگریزی لینگویج، ریاضی اور طبعیات جبکہ کیمبرج انٹرنیشنل اے ایس اینڈ اے لیول میں طبعیات، ریاضی اور کیمیا شامل ہیں۔
کیمبرج انٹرنیشنل کے چیف ایگزیکٹیو کرسٹین اووز ڈین کے مطابق اس غیر معمولی صورتحال میں کیمبرج انٹرنیشنل نے غیر معمولی اقدامات کیے تاکہ دنیا بھر میں ہمارے کیمبرج کے طلبہ محفوظ رہ کر اپنی تعلیم بھی جاری رکھ سکیں۔
یاد رہے کہ پاکستان میں مارچ کے آخری ہفتے کیمبرج اسسمنٹ انٹرنیشنل ایکزامینیشن نے امتحانات ملتوی کرتے ہوئے برائے راست گریڈنگ کا اعلان کیا تھا اور حتمی گریڈنگ کے لیے اسکولوں سے طلبہ کی کارکردگی کی بنیاد پر purpose یا predicted grading کرائی گئی تھی جس کی بنیاد پر نتائج جاری کیے گئے ہیں جبکہ رینکنگ متعارف کراتے ہوئے ہر مضمون کے ہر گریڈ میں زیادہ سے زیادہ اور کم سے کم مارکس کی بنیاد پر رینکنگ کی گئی ہے گریڈ اے اسٹار سے لے کر گریڈ ای تک مضامین میں رینکنگ کی گئی ہے۔