جمعرات, 21 نومبر 2024


جامعہ کراچی میں سہہ روزہ کتب میلےکاآغازآج سےہوگیا

کراچی: جامعہ کراچی میں سہہ روزہ کتب میلے کی افتتاحی تقریب آج منعقد ہوئی۔

افتتاحی تقریب سےخطاب کرتے ہوئےجامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ ترقی کے لئے علم اور حصول علم کے لئے کتب بینی ناگزیر ہے،اس کائنات کی سب سے بہترین کتاب قرآن مجید ہے،قرآن مجید ایک مکمل ضابطہ حیات ہے عصر حاضر کے جدید مسائل کا حل قرآن پاک میں موجود ہے۔دنیا کا کوئی ایسامسئلہ نہیں ہے جس کا حل قرآن پاک نے پیش نہ کیا ہو۔کتابوں سے رشتہ جوڑ کر ہی علم کا کلچر پروان چڑھتا ہے اور علم سے ہی قوموں کو عروج حاصل ہوتا ہے جو قومیں کتابوں سے دوستی نہیں کرتیں وہ ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ جاتی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں میں مطالعے کے کلچر کو فروغ دینے کے لئے کتب میلوں کا انعقاد اہم کردار اداکرتا ہے۔پہلے کتابیں کم دستیاب تھیں لیکن کتابیں پڑھنے کا شوق عروج پر تھا اب کتابوں تک رسائی آسان ہے لیکن مطالعے کا شوق ختم ہوتا جارہا ہے

ڈاکٹر خالد عراقی نے مزید کہا کہ کتابوں سے دوری اخلاق اوراقدار کے زوال کا باعث ہو رہی ہےمعاشرے میں فکری وشعوری انحطاط کتب بینی سے پہلوتہی کے سبب ہے۔ کتب بینی سے طلباء کو تعلق مضبوط کرنے میں اہم کردار اداکرتاہے اور یہاں ہزاروں کی تعداد میں رکھی گئی کتابوں سے طلبہ وطالبات کو بھر پوراستفادہ کرناچاہیئے۔

معروف اینکر پرسن انیق احمد نے کہا کہ جس تہذیب کے پاس علم رہااس نے دنیا پر حکومت کی یہ دنیا ایک ریل گاڑی کی مانند ہے جسے علم کا انجن چلارہاہے جو اس انجن پر قابض ہوتاہے وہ دنیا پر حکومت کرتاہے

کراچی بارایسوسی ایشن کے صدر نعیم قریشی نے کہاکہ کتب میلہ علم سے طلبہ کا تعلق مضبوط کرنے میں اہم کردار اداکرتا ہے اور یہاں ہزاروں کی تعداد میں رکھی گئی کتابوں سے طلبا ء وطالبات کو بھرپور استفادہ کرنا چاہیئے۔کتاب نہ صرف انسان کا بہترین معلم ہے بلکہ یہ انسان کے علم وفضل اور ذہنی ارتقاء کا موجب ہوتی ہے۔

عصر حاضر میں جدید ٹیکنالوجی کے باعث انٹرنیٹ پر موجود مواداور ای بک کی موجودگی کے باوجود کتابوں کی افادیت کبھی کم نہیں ہوسکتی۔کتب میلے میں 40 پبلشرزنے کتابوں کے 80 اسٹالزلگائے ہیں جبکہ دیگر اسٹالز کی تعداد40 ہے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment