جمعرات, 02 مئی 2024


برطانیہ کی برمنگھم یونیورسٹی سے قرآن پاک کا قدیم ترین نسخہ برآمد

ایمز ٹی وی ( تعلیم) برطانیہ کی برمنگھم یونیورسٹی کی لائبریری میں قرآن پاک کا ایک نسخہ ملا ہے جسے ممکنہ طور پر قدیم ترین نسخہ تصور کیا جا رہا ہے۔ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق برمنگھم یونی ورسٹی کی لائبریری سے قرآن پاک کا ایک قدیم نسخہ ملا ہے، قرآنی نسخے کا ریڈیو کاربن ٹیسٹ کرایا گیا تو پتہ کہ یہ نسخہ 1370 سال پرانا ہے۔ یہ نسخہ بھیڑ یا بکری کی کھال پر 568 سے 645 صدی عیسوی کے درمیان لکھا گیا ہے۔

یونی ورسٹی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ نسخہ لائبریری میں تقریباً ایک صدی سے موجود ہے، اگر ٹیسٹ کا نتیجہ ٹھیک ہے تو پھر یہ قرآن پاک کا قدیم ترین نسخہ ہے۔

برٹش لائبریری میں قدیم نسخوں کے ماہر ڈاکٹر محمد عیسیٰ کا کہنا ہے کہ یہ بہت ہی دلچسپ دریافت ہے، یہ نسخہ لائبریری میں دیگر کتابوں کے ساتھ موجود تھا لیکن کسی نے بھی اس کی پہچان نہیں کی۔ قرآن پاک کا یہ نسخہ ’حجازی‘ رسم الخط میں ہے جو رسول اللہ ﷺ کی حیات کے وقت رائج تھا۔ خوبصورت اور واضح حجازی لکھائی میں تحریر کیا گیا یہ نسخہ یقینی طور پر پہلے 3 خلفائے راشدین کے زمانے یعنی 632 سے 656 عیسوی کے عرصے کا ہے۔

برمنگھم یونیورسٹی کے پروفیسر ڈیوڈ تھامس کا کہنا ہے کہ اس نسخے کی تاریخ سے کہا جا سکتا ہے کہ یہ رسول اللہ ﷺ کی رحلت کے چند سال بعد کا ہے، اس بات کے بھی قوی امکانات ہیں کہ جس نے بھی یہ لکھا وہ شخص حضرت محمد ﷺ کے وقت حیات تھا۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment