کراچی: ثانوی تعلیمی بورڈکےزیرِ اہتمام سالانہ انٹراسکولزاسپورٹس ٹورنامنٹ کاآغاز 14مارچ سےہوگا۔
تفصیلات کے مطابق ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے ریسرچ اینڈ اسپورٹس سیکشن کے زیر اہتمام سالانہ انٹر اسکولز اسپورٹس ٹورنامنٹ کا آغاز 14 مارچ سے 30مارچ تک منعقد ہو رہا ہے اس ٹورنامنٹ کے مقابلہ جات میں کرکٹ، فٹبال، ٹیبل ٹینس، بیڈمنٹن اور رسہ کشی (بوائز/گرلز) ہیں۔
چیئرمین میٹرک بورڈ سید شرف علی شاہ کی خصوصی ہدایت کی روشنی میں ڈائریکٹر ایجوکیشنل ریسرچ اور انچارج اسپورٹس حور مظہر کے مطابق اس سال بھی میٹرک بورڈ سالانہ اسپورٹس منا رہا ہے پہلے مرحلے میں کرکٹ (بوائز) ٹورنامنٹ کا آغاز 14مارچ سے 30مارچ تک جناح گورنمنٹ کالج ناظم آباد اور بختیاری یوتھ گراؤنڈ نارتھ ناظم آباد کے گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا جس میں گورنمنٹ اور پرائیویٹ اسکولوں کے نہم و دہم جماعت کے طلباء و طالبات پر مشتمل 35 ٹیمیں شریک ہوں گی ان مقابلوں کی تفصیلات متعلقہ اسکولوں کو فراہم کر دی گئی ہیں ان تاریخوں میں فٹ بال، ٹیبل ٹینس، بیڈمنٹن (بوائز/گرلز) اور رسہ کشی کے مقابلہ جات ہوں گے۔
مقابلہ جات کے حوالے سے چیئرمین بورڈ سید شرف علی شاہ نے کہا کہ میٹرک بورڈطلباء وطالبات کے مابین کھیلوں کے مقابلہ جات کی حوصلہ افزائی کرے گا اور مواقع فراہم کرے گا انہوں نے کہاکہ صحت مند معاشرے کیلئے کھیلوں کا انعقاد بے حد ضروری ہے۔
ڈائریکٹر ایجوکیشنل ریسرچ و انچارج اسپورٹس حور مظہر نے کہا کہ ہم اسپورٹس کے حوالے سے اسکولوں کے سربراہان سے گزارش کریں گے کہ وہ بھی اپنے اپنے اسکولوں میں مختلف کھیلوں کے مقابلہ جات منعقد کرائیں تاکہ انٹر بورڈ اور انٹر اسکولوں کے مقابلہ جات میں آپ ہی کے اسکولوں کو ترجیح دی جائے۔