ایمز ٹی وی (ایجوکیشن) تحصیل گڑھی یاسین میں مدیجی کے قریب گاؤں اللہ ورایو برڑو کا واحد گورنمنٹ پرائمری بوائز اسکول انتظامیہ کی عدم توجہی کے باعث زبون حالی کا شکار ہے۔اسکول کی عمارت کے ساتھ ساتھ کلاس رومز کی کھڑکیاں اور دراوزے بھی خستہ حال نظر آتے ہیں، جبکہ اسکول کی بیرونی دیوار کئی برسوں سے ٹوٹی ہوئی ہے۔
100سے زائد طلباء و طالبات پر مشتمل اس اسکول میں بیشتر طلباء و طالبات اس کی بوسیدہ حالت کے باعث غیر حاضر رہتے ہیں جبکہ دیگر حاضر طلباءوطالبات اسکول کے باہر درخت کے نیچے تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں۔اسکول میں موجود طلباء و طالبات نے وزیر تعلیم نثار کھڑو اور سیکریٹری تعلیم فضل اللہ پیچوہو سے اسکول کی عمارت کو نئے سرے سے تعمیر کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ انہیں بھی دیگربچوں کی طرح سہولت سے تعلیم حاصل کرنے کا حق دیا جائے۔دوسری جانب گاؤں والوں نے بتایا کہ ہمارا گاؤں انگریزوں کے زمانے سے قائم ہے، لیکن ہمارے گاؤں کو ہمیشہ تعلیم سے محروم رکھا گیا ہے۔