ایمزٹی وی (تعلیم)کوئین میری یونیورسٹی آف لندن نے ایچ ای سی سے باہمی اشتراک کے معاہدہ کے تحت عرصہ پانچ سال کے دوران پی ایچ ڈی ریسرچ پروگراموں میں ایک سو اسی ( 180) وظا ئف دینے کا اعلان کیا ہے۔
معاہدے کے تحت طلبہ کو کوئین میری یونیورسٹی آف لندن میں مطالعہ کے لئے سالانہ چھتیس (36) وظائف دیئے جائیں گے۔ معاہدہ حال ہی میں دونوں فریقین کے درمیان کوئین میری یونیورسٹی آف لندن میں طے پایا جس پر کوئین میری یونیورسٹی کے صدر اور پرنسپل پروفیسرسامن گاسکیل اورایچ ای سی کے چیئرمین ڈاکٹر مختار احمدنے دستخط کئے۔
معاہدے کے تحت طلبہ کا پہلا بیچ ستمبر 2016ءمیں کوئین میری یونیورسٹی آف لندن بھیجا جائے گا۔ معاہدے کی رو سے ایچ ای سی طلبہ کو سالانہ نو ہزار پاﺅ نڈ کا مینٹنینس الاﺅنس دے گا جبکہ کوئین میری یونیورسٹی طلبہ کی ٹیوشن فیس کی ادائیگی کرے گی۔
طلبہ برطانوی ویزا اور امیگریشن کی جانب سے متعین کردہ اخراجات کی ادائیگی کے پابند ہوں گے۔ ایچ سی سی اور کوئین میری یونیو رسٹی آف لندن باہمی طور پر وظائف کے لئے امیدواروں کا انتخاب کریں گے۔کوئین میری یونیورسٹی کے صدر اور پرنسپل پروفیسر سامن گاسکیل نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ وظائف حاصل کرنے والے طلبہ علاقائی سطح پر باہمی تعلقات کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گے۔