ھفتہ, 23 نومبر 2024


جامعات بورڈ کی جانب سے وائس چانسلرکے لئے تاخیر سے اشتہار

ایمزٹی وی (تعلیم ) جامعہ کراچی کے وائس چانسلر کے تقرر کے لئے تاخیر سے اشتہار جاری کر دیا گیا ہے تاہم اس اشتہار میں موزوں امیدوار کے لئے سماجی علوم میں پی ایچ ڈی کو ترجیح دینے کے معاملے میں شکوک و شبہات نے جنم لینا شروع کر دیا ہے۔ اشتہار سیکرٹری بورڈ کی جانب سے جاری کیا گیا ہے اور درخواست دینے کی آخری تاریخ 15 فروری مقرر کی گئی ہے۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ موجودہ وائس چانسلر ڈاکٹرمحمد قیصر کی چار سالہ مدت 8 فروری کو مکمل ہو رہی ہے. جبکہ درخواست دینے کی آخری تاریخ 15 فروری مقرر کی گئی ہے جس کا مطلب یہ ہے کہ 9فروری کو قائم مقام وائس چانسلر کا تقرر کرنا پڑے گا اور یہ سلسلہ اس وقت تک جاری رہے گا جب تک درخواستوں کی جانچ پڑتال، امیدواروں کے انٹرویو اور پھر ان کی وزیراعلیٰ سندھ سے منظوری اور آخر میں گورنر سندھ کی رضامندی نہیں ہو جاتی اس طرح مارچ تک جامعہ کراچی میں قائم مقام وائس چانسلر چلتا رہے گا۔ ذرائع کے مطابق سوشل سائنس میں پی ایچ ڈی کو اہم قرار دینے سے یہ نظر آرہا ہے کہ وزیراعلیٰ ہاﺅس نے سوشل سائنس کے کسی منظور نظر پروفیسر کو دیکھ کر یہ چیز شامل کی ہے ورنہ جامعہ کراچی کی تاریخ میں بیشتر وائس چانسلرز کا تعلق سائنس سے رہا ہے ۔انجمن اساتذہ جامعہ کراچی کے صدر ڈاکٹر شکیل فاروقی نے کہا کہ وائس چانسلر کے لئے جو اشتہار دیا گیا ہے یہ حقیقت پسندانہ نہیں ہے اور اس میں جو معیار طلب کیا گیا ہے وہ میرٹ کے منافی ہے اور غالباً کسی خاص شخصیت کی جانب اشارہ ہے یا پھر حکومت وائس چانسلر کے کسی امیدوار کو تلاش کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتی۔ انہوں نے کہا ہم اس اشتہار کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں کیونکہ سائنس، مینجمنٹ اور دیگر شعبوں کو نظرانداز کیا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس معاملے پر ہم اجلاس بلانے پر غور کر رہے ہیں۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment