اتوار, 19 مئی 2024


کراچی کی جامعات میں سیاسی و سفارشی بنیاد پر تقرریاں!

ایمزٹی وی(تعلیم) کراچی کی جامعات میں میرٹ کے برخلاف سیاسی اور سفارشی بنیادوں پر تقرریاں شروع کردی گئی ہیں. سیکرٹری بورڈ وجامعات کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ڈاؤیونیورسٹی کراچی میں لاڑکانہ کی میڈیکل یونیورسٹی کے ایسوسی ایٹ پروفیسر افسربھٹو کو رجسٹرار مقررکردیا ہے جبکہ ڈاؤیونیورسٹی کے موجودہ رجسٹرار ڈاکٹرندیم کی مدت ملازمت میں کئی ماہ باقی ہیں اور ان کی تقرری باقاعدہ سینڈیکٹ سے منظوری کے بعد کی گئی تھی۔ اسی طرح جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی (سابقہ ایس ایم سی کالج) میں سفارشی بنیادوں پر ڈاکٹرلبنیٰ بیگ کو چار سال کے لئے پی وی سی تعینات کردیاگیا ہے دلچسپ امر یہ ہے کہ پی وی سی عموما دو سال کے لئے مقرر کیا جاتا ہے اور اس کی مدت بھی اس وقت تک ہوتی جب تک وائس چانسلر کی مدت باقی رہتی ہے اور موجودہ وائس چانسلر ڈاکٹر طارق کی مدت آئندہ سال مکمل ہوجائے گی لیکن اس کے باوجود ان کی تقرری چار سال کے لئے کی گئی ہے۔ انجمن اساتذہ جامعہ کراچی کے صدر ڈاکٹر شکیل فاروقی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ ہاوس کی مزاکراتی ٹیم نے اساتذہ رہنماؤں کے ساتھ جو تحریری معاہدہ کیا تھا جس میں براہ راست رجسٹرار، ناظم امتحانات اور دیگر اہم انتظامی عہدوں پر تقرریاں نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی اب وہ اس سے مکمل انحراف کر رہے ہیں جو قابل افسوس امر ہے۔ اس وقت سندھ حکومت کو جامعات اور دیگر اداروں کی سیکورٹی پر اپنی پوری توجہ رکھنی چاہئے وہاں سندھ حکومت ان پریشان حالات میں جامعات کے وسائل کے اوپر نقب لگا نے سے باز نہیں آرہی۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment