ایمزٹی وی(تعلیم) وزیر اعلیٰ سندھ کی سفارش پر گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے ڈاکٹر محمد علی شیخ کو دوسری چار سالہ مدت کے لئے سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کا وائس چانسلر مقرر کردیا ہے۔ ڈاکٹر محمد علی شیخ کی پہلی چار سالہ مدت رواں مہینے کے آخر میں ختم ہو رہی تھی۔ انہوں نے بدھ کو گورنر ہائوس میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے ملاقات کی ۔ اس موقع پر گورنر کے مشیر ہائر ایجوکیشن سید وجاہت علی بھی موجود تھے۔ ملاقات میں وائس چانسلر پروفیسر محمد علی شیخ نے گورنر سندھ کو یونیورسٹی کو درپیش مختلف مسائل سے آگاہ کیا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ سندھ مدرستہ الاسلام ایک اہم تعلیمی ادارہ ہے اور اسے قائد اعظم محمد علی جناحؒ کی مادر علمی ہونے کا بھی منفرد اعزاز حاصل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی میں طلبہ کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر ان کی سیکورٹی کا مناسب انتظام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کی مجموعی سیکورٹی، اساتذہ کی ترقیوں اور دیگر امور کے بارے میں ایک مؤثر حکمت عملی کے تحت کام کیا جائے تاکہ یونیورسٹی کے تمام مسائل بر وقت حل ہو سکیں۔