ایمزٹی وی(ایجوکیشن) وزیراعظم نواز شریف نے اسلام آباد کے ایف ایٹ تھری ایریا میں آذان خان شہید اسکول میں مونٹسیری کلاسز کے افتتاح کیا۔ موقع پر وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ سرکاری اسکولوں کی تعمیر و ترقی اور پڑھائی کے معیار کو بہتر کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، سرکاری اسکولوں میں غیر معیاری تعمیر کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔ نھوں نے مزید کہا کہ بچے ہی اس ملک کا مستقبل اور سرمایہ ہیں اور انھی میں سے کسی نے ملک کا وزیراعظم بننا ہے اور اس ملک کو آگے لے کر جانا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسکول کا باسکٹ بال کورٹ معیاری نہیں ہے جب کہ سیڑھیاں بہت پھسلن والی ہیں جس سے بچوں کے زخمی ہونے کا خطرہ ہے، فوری طور پر انھیں ٹھیک کیا جائے اور جو رقم مختص کی گئی تھی اسی میں اسے ٹھیک کیا جائے۔ وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ جب ملک کی باگ دوڑ سنبھالی تو ملک کو دہشت گردی کا سامنا تھا، ہم نے آپریشن شروع کیا جو کامیابی کے ساتھ جاری ہے، آج ملک کے حالات قدرے بہتر ہو چکے ہیں اور دہشت گردی بہت کم ہو چکی ہے۔