ایمزٹی وی(تعلیم) لاہور ہائیکورٹ نے گرمی کی چھٹیوں کے دوران تین ماہ کی یکمشت فیسیں لینے والے پرائیویٹ اسکولوں کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔ ذرائع کے مطابق جسٹس علی اکبر قریشی نے شہری شبیرالزمان کی درخواست پرسماعت کی، درخواست گزار کی وکیل شیبا حسن نے عدالت کو بتایاکہ نجی اسکولزموسم گرما کی تعطیلات کے دوران تین ماہ کی اکھٹی فیس وصول کرر ہے ہیں جو عدالتی فیصلے کے منافی ہے۔ سماعت کے دوران ڈپٹی سیکرٹری ایجوکیشن زبیرخان اور محکمہ تعلیم کے لیگل ایڈوائزر رانا یونس عزیز نےعدالت کو بتایا کہ تین ماہ کی یکمشت فیسیں لینے والے نجی اسکولوں کے خلاف کارروائی کے لیے شکایات سیل بنائے گئےہیں لیکن ابھی تک انہیں کسی پرائیویٹ اسکول کے خلاف تین ماہ کی اکھٹی فیس وصول کرنے کے بارے میں کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی جس پرعدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال بھی یہ حکم دیا گیا تھا اور اب پھر عدالت حکم دیتی ہےکہ چھٹیوں کےدوران 3ماہ کی اکھٹی فیس وصول کرنے والے سکولوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔عدالت نے محکمہ تعلیم سےآئندہ ہفتے عملدرآمد رپورٹ بھی مانگ لی ہے۔