Friday, 29 November 2024


پاکستان میں کاروباری ماحول اور سیکیورٹی صورتحال کیلیے اہم چیلنجز


ایمز ٹی وی (تجارت) ناروے کے سفیر تورے ندریبو نے کہا کہ ناروے کی کئی کمپنیاں پاکستان میں دلچسپی رکھتی ہیں تاہم پاکستان میں کاروباری ماحول اور سیکیورٹی صورتحال ان کیلیے اہم چیلنجز ہیں۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس میں تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ناروے کے مزید سرمایہ کاروں کو اپنی طرف راغب کرنے کے لیے پاکستان کو کاروباری ماحول اور سیکیورٹی کی صورتحال کو بہتر کرنا ہو گا اور اپنے آپ کو محفوظ، منافع بخش اور پرکشش مارکیٹ بنانا ہو گا۔ ناروے کی ٹیلی نار پاکستان میں دوسری بڑی موبائل کمپنی ہے جس نے پاکستان میں 3.5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے اور 5 ہزار افراد کو براہ راست ملازمتیں فراہم کی ہیں، ناروے کراچی میں 2 ایل این جی ٹرمینل کے قیام میں پاکستان کے ساتھ تعاون کر رہا ہے اور اس کی کمپنی سوات میں ہائیڈرو پارو پلانٹ کی تنصیب میں بھی تعاون کر رہی ہے۔

دونوں ممالک کی باہمی تجارت اصل صلاحیت سے بہت کم ہے جبکہ تجارت کا توازن پاکستان کے حق میں ہے، پاکستان میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے ناروے میں قائم پاکستانی سفارتخانے کو زیادہ فعال کردار ادا کرنا پڑے گا۔ سی پیک کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ پاکستانی معیشت کے لیے فائدہ مند ثابت ہو گا، معیشت کے ترقی کرنے سے ناروے کے سرمایہ کاروں کی اس میں دلچسپی مزید بڑھے گی۔

Share this article

Leave a comment