Friday, 29 November 2024


جنگی جنون میں مبتلا بھارت کا عامر خان پر حملہ

 

ایمز ٹی وی(انٹرٹینمںٹ) بھارت میں جنگی جنون میں مبتلا جماعت بی جے پی کی جانب سے کھلے عام تو اپنے مخالفین کے خلاف ردعمل کا اظہار نہیں کیا جاتا لیکن پیٹھ پیچھے وہ اپنے ہتھکنڈوں سے باز نہیں آتی اور ایسا ہی کچھ عامر خان کے ساتھ بھی ہوا جس کا بھانڈا حکمران جماعت کے گھر کے بھیدی نے ہی پھوڑ ڈالا ہے۔ گزشتہ برس جب عامرخان نے بھارت میں مسلمانوں کے خلاف بڑھتے تعصب پراپنے جذبات کا اظہار کیا تو بھارتی ہندو انتہا پسندوں نے ان کے خلاف ایک طوفان کھڑا کردیا تھا اورانہیں بھاری مالی نقصان کے علاوہ ذہنی اذیت کا بھی سامنا کرنا پڑا تھا۔ ان سازشوں کے پیچھے کوئی اور نہیں بلکہ بھارت کی سب سے بڑی سیاسی ہندو انتہا پسند جماعت بی جے پی نکلی اوراس کا بھانڈا اس تنظیم کی سابق رضا کارسادھوی کھوسلہ نے اپنی کتاب میں پھوڑڈالا ہے۔ بھارتی صحافی سواتی چترویدی کی کتاب “آئی ایم آ ٹرال” میں بی جے پی کے سوشل میڈیا سیل کی ایک سابق رضاکار سدھاوی کھوسلا نے انکشاف کیا ہے کہ ایک برس قبل عامر خان اور ان کی اہلیہ کی جانب سے ہندو انتہا پسندی کے خلاف آواز اٹھانے پرمجھے بی جے پی کے آئی ٹی سیل سربراہ اروند گپتا کی جانب سے سوشل میڈیا پرمتعدد پیغامات بھیجے گئے تھے کہ اداکارکے خلاف طرح طرح کی مہمات کا آغاز کیا جائے، جس کے بعد معروف بھارتی ای کامرس کی کمپنی “اسنیپ ڈیل” بھی اداکارکو اپنی برانڈ کا سفیر ہٹاتے ہوئے معاہدہ بھی ختم کردے۔ واضح رہے کہ اداکارعامر خان کی جانب سے گزشتہ سال کے آخرمیں ایک پروگرام میں کے دوران کہنا تھا کہ ملک میں رونما ہونے والے کئی واقعات نے انہیں اور بالخصوص ان کی اہلیہ کو ملک چھوڑنے کے حوالے سے غورکرنے پر مجبور کردیاہے تاہم وہ خود بھی ملک میں بڑھتے ہوئے عدم تحفظ کے احساس کو شدت سے محسوس کررہے ہیں۔

 

Share this article

Leave a comment