Friday, 29 November 2024


صوبہ خیبر پختونخوا کے ڈسٹرکٹ بونیر کے اساتذہ کا اسکولوں میں اسلحہ رکھنے سے انکار

ایمز ٹی وی (بونیر) صوبہ خیبر پختونخوا کے ڈسٹرکٹ بونیر کے اساتذہ نے یہ کہہ کر اسکول کے اوقات کار میں اسلحہ رکھنے سے انکار کردیا ہے کہ اسکول اسٹاف اور طلبہ کو سیکیورٹی فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ یہ فیصلہ گورنمنٹ ہائی اسکول سواری میں گزشتہ روز آل پرائمری اسکول ٹیچرز ایسو سی ایشن کے ایک اجلاس کے دوران کیا گیا۔ ایسوسی ایشن کے صدر اکبرعلی باچا، چیئرمین معراج علی شاہ اور جنرل سیکریٹری خالد سیماب بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ اساتذہ اسکولوں میں حالیہ سیکیورٹی پالیسی کے حق میں نہیں ہیں، کیونکہ اساتذہ کا کام اسکولوں کی حفاظت نہیں بلکہ بچوں کو پڑھانا اور تعلیم دینا ہے۔ واضح رہے کہ سولہ دسمبر کو پشاور کے آرمی پبلک اسکول پر تاریخ کی بدترین دہشت گردی کے بعد ملک بھر کے اسکولوں میں سیکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے کچھ اہم فیصلے کیے گئے تھے، جن کے تحت حفاظت کی غرض سے اساتذہ اوراسکول اسٹاف کو لائسنس یافتہ اسلحہ رکھنے کا بھی کہا گیا تھا۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ طلبہ اور اساتذہ کو سیکیورٹی کی فراہمی قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ انھوں نے چھٹیوں کے دوران اسکول میں اساتذہ کی موجودگی کے فیصلے کو بھی مسترد کردیا۔ دوسری جانب شرکاء نے یہ بھی فیصلہ کیا کہ ڈسٹرکٹ میں انسدادِ پولیو مہم نہیں چلنے دی جائے گی۔ اجلاس کے شرکاء نے تنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ کرتے ہوئے آج یعنی بدھ کو ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سے ملاقات کا بھی فیصلہ کیا۔

Share this article

Leave a comment