Friday, 29 November 2024


سویڈن میں دنیا کی پہلی برقی سڑک تیار

 

ایمزٹی وی(ٹیکنالوجی) سویڈن میں ماہرین نے دنیا کی پہلی ’الیکٹرک سڑک‘ تیار کر لی ہے جس میں صرف ایک کیبل کی مدد سے عام گاڑی کو الیکٹرک کار میں تبدیل کیا جا سکے گا جب کہ بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کی بیٹریوں کو بھی چارج کیا جاسکے گا۔
سویڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم میں دو کلو میٹر طویل الیکٹرک سڑک کو آزمائشی بنیادوں پر کھول دیا گیا ہے۔ الیکٹرک سڑک ائیرپورٹ کے قریب بنائی گئی ہے۔ سڑک پر گاڑی چلانے کے لیے اسے الیکٹرک کیبل سے منسلک کیا جاتا ہے جب کہ کیبل کا دوسرا سرا سڑک پر لگے الیکٹرک سسٹم سے جوڑ دیا جاتا ہے جس کے بعد ایک عام گاڑی مکمل طور پر الیکٹرک کار میں تبدیل ہوجاتی ہے۔
سویڈن میں 2030ء تک فیول سے نجات حاصل کرنے اور ٹرانسپورٹ سیکٹر میں تیل کے استعمال میں 70 فیصد تک کمی لانے کے لیے توانائی کے دیگر ذرائع پر کام کیا جا رہا ہے ۔ منصوبے کے تحت الیکٹرک سڑک کی تعمیر کا فیصلہ کیا گیا جو سڑک پر گزرنے والی گاڑیوں کی بیٹریوں کو چارج بھی کر سکے گی اور گاڑیوں کی روانی کے لیے تیل کے بجائے برقی توانائی کو استعمال کیا جائے گا۔
ماہرین آئندہ چند سال کے دوران یہ منصوبہ دیگر شہروں تک پھیلانا چاہتے ہیں جس کے لیے سویڈن حکومت نے عظیم الشان قومی منصوبہ تیار کرلیا ہے جس کا کامیاب تجربہ اسٹاک ہوم میں کیا گیا۔ سویڈن حکومت اس منصوبے کی کامیابی سے تیل کے بحران پر متبادل ذرائع کے ذریعے سے قابو پانے کے لیے پُر امید ہے۔عظیم الشان منصوبے پر کام کرنے والے افسر کا کہنا ہے کہ اگر قومی شاہراؤں کو 20 ہزار کلو میٹر تک برقی سڑک میں تبدیل کرلیا گیا تو ہم توانائی کے بحران سے نکل پائیں گے کیوں کہ سویڈن میں ایک ہائی وے سے دوسرے ہائی وے کے درمیان فاصلہ 45 کلومیٹر ہے اور یہ فاصلہ الیکٹرک کار بغیر چارج ہوئے بھی طے کر سکتی ہے۔

 

Share this article

Leave a comment