Friday, 29 November 2024


سائیکل چلانے سے بہتر کوئی ورزش نہیں ،ماہرین

 

ایمز ٹی وی(صحت) سائیکل چلانے کی عادت ہمارے معاشرے سے ختم ہوتی جارہی ہے لیکن اب ماہرین نے کہا ہے کہ سائیکل چلانے سے بہتر کوئی ورزش نہیں اور یہ بڑھاپے سے بھی دور رکھتی ہے۔
ایک مطالعے میں شوقیہ سائیکل چلانے والوں کا باقاعدہ ورزش نہ کرنے والوں سے موازنہ کیا گیا ہے۔ اس سے انکشاف ہوا ہے کہ سائیکل چلانے کا عمل پٹھوں اور ہڈیوں کو مضبوط رکھتا ہے اور بڑھاپے کے باوجود بھی جسم کی چکنائیوں اور کولیسٹرول کو ایک خاص حد میں رکھنے میں مددگار ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ مردوں میں سائیکل چلانے کی عادت ان کے خاص ہارمون ٹیسٹوسٹیرون کی مقدار بھی بلند رکھتی ہے۔
ایک اور حیرت انگیز بات یہ بھی سامنے آئی ہے کہ سائیکلنگ کے مثبت اثرات امنیاتی نظام (امیون سسٹم) تک پہنچتے ہیں جو ہمارے جسم میں بیماریوں سے لڑنے والا فطری نظام بھی ہے۔
طبی معلومات کے مطابق ہمارے جسم میں ایک خاص غدہ ( گلینڈ) یعنی تھائمس 20 سال کے بعد سے سکڑنا شروع ہوجاتا ہے۔ اس کا کام خاص امنیاتی خلیات ٹی سیلز بنانا ہوتا ہے۔ لیکن باقاعدہ سائیکل چلانے والوں میں تھائمس سکڑتا نہیں اور وہ جوانوں کی طرح بڑھاپے میں بھی ٹی سیلز بناتا رہتا ہے۔
یونیورسٹی آف برمنگھم میں بڑھاپے اور اندرونی سوزش کے انسٹی ٹیوٹ کے سربراہ پروفیسر جینٹ لارڈ کہتے ہیں: ’سائیکل چلانے سے بہتر کوئی ورزش نہیں۔ اب سے 4000 سال قبل بقراط نے ورزش کو بہترین دوا قرار دیا تھا جسے اآج فراموش کردیا گیا ہے۔‘
پروفیسرلارڈ نے کہا کہ ہماری تحقیق بتاتی ہے کہ باقاعدہ ورزش بڑھاپے میں ہمارے کئی مسائل حل کرسکتی ہے۔ ہم زیادہ عرصے تک زندہ تو رہ رہے ہیں لیکن اس دوران ہماری صحت تباہ ہوجاتی ہے اور بیماریوں میں گھر جاتے ہیں۔
باقاعدہ سائیکل چلانے والوں کا بڑھاپا بہت حد تک بیماریوں سے پاک رہ سکتا ہے بشرطیکہ وہ اسے جاری رکھیں۔ سائیکل چلانے کا عمل قدرتی طور پر بدن کو کئی امراض سے دور رکھنے میں مدد دیتا ہے۔ یہ اہم تحقیق ایجنگ سیل نامی ریسرچ جرنل میں شائع ہوئی ہے۔

 

 

Share this article

Leave a comment