Friday, 29 November 2024


اس سال ایپل کی جانب سے 3 نئے آئی فونز متعارف کرائے جائیں گے

 

مانیٹرنگ ڈیسک: بلومبرگ کی ایک رپورٹ کے مطابق اس سال ایپل کی جانب سے 3 نئے آئی فونز متعارف کرائے جائیں گے۔
ایپل کے اندرونی ذرائع نے 2018 کو ایس ائیر قرار دیا ہے یعنی نئے فونز کا ڈیزائن گزشتہ سال کے آئی فون ایکس جیسا ہی ہوگا، ان کے فیچرز اور ہارڈوئیر میں اپ ڈیٹ کی جائے گی۔
اس طرح عالمی مارکیٹ میں سست روی کو دیکھتے ہوئے ایپل کی جانب سے آئی فونز کی اوسط قیمت میں اضافہ کیا جائے گا، یعنی اس سال بھی یہ کمپنی ایک ہزار ڈالرز کے فونز پیش کرے گی۔
بلومبرگ کی رپورٹ میں ان نکات کو بیان کیا گیا۔
3 نئے آئی فونز
ایک فون گزشتہ سال کے 5.8 انچ کے آئی فون ایکس کا اپ گریڈ ورڑن ہوگا، دوسرا فون 6.5 انچ کے او ایل ای ڈی اسکرین کے ساتھ متعارف کرایا جائے گا جبکہ تیسرا ایک سستا (جو کہ دیکھنے میں آئی فون ایکس جیسا ہی ہوگا) آئی فون ہوگا جس میں 6.1 انچ کی ایل سی ڈی اسکرین دی جائے گی، دونوں بڑے فونز کچھ ممالک میں ڈوئل سم کارڈ آپشن کے ساتھ فروخت کے لیے پیش کیے جائیں گے۔
سستا اور رنگارنگ
6.1 انچ کا آئی فون کئی رنگوں جیسے گرے، وائٹ، بلیو، ریڈ اور اورنج میں دستیاب ہوگا۔
جیسٹرز
تینوں فون میں آئی فون ایکس میں متعارف کرائے گئے جیسٹر کنٹرول اور چہرے سے فون ان لاک کرنے والے سسٹم فیس آئی ڈی ہوگا۔
ناموں کی الجھن
رپورٹ کے مطابق ایپل کے اندر ناموں کے حوالے سے کافی الجھن موجود ہے، مگر ممکنہ طور پر 5.8 انچ کے فون کو آئی فون ایکس ایس کا نام دیا جاسکتا ہے، اس کا ہائی اینڈ ورڑن آئی فون ایکس ایس پلس قرار دیا جاسکتا ہے، مگر ابھی حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جاسکتا۔
آسان الفاظ میں ایپل کی جانب سے آئی فون 8 کو آئی فون ایکس سے متاثر ڈیوائس (6.1 انچ کے ایل سی ڈی والا فون) سے بدلا جارہا ہے، جس کی قیمت تو آئی فون 8 جتنی ہوگی مگر فیچرز کے لحاظ سے وہ زیادہ بہتر ہوگا۔
مگر آئی فون ایکس کی طرح اس کے بیک پر 2 کی بجائے ایک کیمرہ دیا جائے گا۔

 

Share this article

Leave a comment