Friday, 29 November 2024


سانحہ اے پی ایس پشاورمیں بچھڑجانےوالوں کی یادہمیشہ موجودرہےگی

 

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ سانحہ اے پی ایس پشاور میں بچھڑ جانے والوں کی یاد ہمیشہ موجود رہے گی جب کہ 16 دسمبر کے دلخراش واقعے نے دہشت گردی کے خلاف یکجہتی اور وحدت کو جنم دیا۔

سانحہ آرمی پبلک اسکول پشاور کے شہداء کی برسی پر اپنے پیغام میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ 16 دسمبر کے دلخراش واقعے نے دہشت گردی کے خلاف یکجہتی اور وحدت کو جنم دیا، سکیورٹی اداروں نے دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن معرکہ سرانجام دیا جس کی مثال نہیں ملتی، معصوم جانوں نے لہو کا نذرانہ دے کرقوم کو سفاک دشمن کے خلاف متحد کر دیا۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سانحہ اے پی ایس پشاور میں بچھڑ جانے والوں کی یاد ہمیشہ موجود رہے گی، شہیدوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے ساتھ غمزدہ والدین سے دِلی ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں، قوم معصوم شہداء کے والدین کے دکھ میں برابر کی شریک ہے، دنیا کی اس جنگ کی سب سے بھاری قیمت ہم نے ادا کی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نقصانات کے باوجود ہم ملکی، علاقائی اور عالمی امن کے لیے پرعزم ہیں، تعلیم کی بدولت ہی انتہا پسندی اور دہشت گردی کو مستقل مات دے سکتے ہیں، فرقہ واریت، مذہب، لسانیت، رنگ و نسل یا کسی بھی طرز پر انتہا پسندی اور تشدد کو برداشت نہیں کیا جائے گا، افواج پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں کے ہیروز کو سلام پیش کرتا ہوں۔

 

Share this article

Leave a comment