Thursday, 28 November 2024


معاشرےکی ترقی اورمثبت خیالات کی ترویج میں میڈیا اہم کرداراداکرسکتاہے،جامعہ کراچی

کراچی: شعبہ ابلاغ عامہ جامعہ کراچی کے زیر اہتمام دوروزہ بین الاقوامی کانفرنس میں وائس چانسلرخالدعراقی کاکہناتھاکہ معاشرے کی ترقی اورمثبت خیالات کی ترویج میں میڈیا اہم کردار اداکرسکتاہے۔

شعبہ ابلاغ عامہ جامعہ کراچی کے زیر اہتمام دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس بعنوان: ”میڈیا میں سچائی اور موجودہ رجحانات“ کے آخری روزخطاب کرتے ہوئےمہمان خصوصی سابق ڈپٹی چیئرمین سینٹ سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ ہمارامیڈیابالکل بھی آزاد نہیں بلکہ انہیں خبر کی اشاعت یا تشہیر کرنے سے قبل بتایا جاتا ہے کہ کونسی خبر نشر یا شائع کرنی ہے۔اگر چہ سوشل میڈیا معلومات کی رسائی کا سب تیز ذریعہ ہے تودوسری طرف جعلی اور جھوٹی خبروں کا بے قابو پھیلاؤ پوری دنیا میں سوشل میڈیاکا ایک منفی پہلوبھی ہے۔ گمراہ کن اور غلط معلومات معاشروں میں تشدد اور فساد کو بھڑکانے کا بھی ذریعہ بنتے ہیں۔

معاشرے کو سنوارنے میں ذرائع ابلاغ کا کلیدی کردار ہوتاہے، وائس چانسلر

سینیٹرسلیم مانڈوی والانے مزید کہا کہ اس طرح کی کانفرنسوں کا انعقاد سیکھنے کے عمل کا ایک لازمی حصہ ہیں جو نہ صرف محققین کو اپنے کام کو دنیا کے ساتھ شیئر کرنے کی ترغیب دینے کا ایک ذریعہ ہیں، بلکہ وہ اسکالرز کو اپنے مخصوص شعبوں کے مسائل پر غور کرنے اور ان مسائل کے حل کے لیے ایک پلیٹ فارم بھی فراہم کرتے ہیں۔

اس موقع پرجامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کی بدولت معلومات تک رسائی بہت آسان ہوگئی ہےہمیں ماہرین تعلیم، پالیسی سازوں، اسکالرز اور میڈیا والوں سے رہنمائی حاصل کرنے کی ضرورت ہے تاکہ یہ جان سکیں کہ میڈیا کامعاشروں کی بہتری یا بگاڑ میں کیا کردار ہوتاہے۔معاشرے کی ترقی اورمثبت خیالات کی ترویج میں میڈیا اہم کردار اداکرسکتاہے۔میڈیا نہ صرف ہمارے مسائل کو اجاگر کرتاہے بلکہ احتسابی عمل میں بھی ہماری مددکرتاہے۔

ئیسہ کلیہ فنون وسماجی علوم جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر نصرت ادریس نے کہا کہ میڈیا ایک عام فرد تک معلومات کی رسائی کا بہترین ذریعہ ہوتاہے،میڈیا اگر زمینی حقائق کومدنظر رکھ کرخبروں کی تشہیر اور اشاعت کو یقینی بنائے تو بہت سارے مسائل آسانی سے حل ہوسکتے ہیں۔

کانفرنس کے اختتام پر صدر شعبہ ابلاغ عامہ جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر فوزیہ ناز نے کانفرنس کی سفارشات پیش کیں جس کی تمام قومی وبین الاقوامی مقررین نے منظوری دےدی ہے۔کانفرنس کی سفارشات جلد مرتب کرکے حکومتی حلقوں اور متعلقہ نجی شعبوں کو ارسال کر دی جائیں گی تاکہ اس پر عملدرآمد کو یقینی بنایاجاسکے۔

واضح رہے شعبہ ابلاغ عامہ جامعہ کراچی کے زیر اہتمام اور سندھ ہائرایجوکیشن کمیشن،گرین وچ یونیورسٹی اور انسٹی ٹیوٹ آف پالیسی اسٹڈیز کے اشتراک سے منعقدہ دوروزہ بین الاقوامی میڈیا کانفرنس ”میڈیا میں سچائی اور موجودہ رجحانات“  کاانعقاد کیاگیاتھا۔

Share this article

Leave a comment