Thursday, 28 November 2024


ملک میں ٹیلی کام سروسزاوربراڈبینڈانٹرنیٹ کی سروس معطل ہونےکاخدشہ

ملک بھر میں جاری بجلی کی طویل و غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے پیشِ نظر ٹیلی کام اور انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں نے سروس معطلی کا عندیہ دے دیا۔

ٹیلی کام کمپنیوں کی جانب سے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کو لکھے گئے مشترکہ خط میں کہا گیا ہے کہ بجلی کے بحران کے باعث ٹیلی کام کمپنیوں کو خدمات جاری رکھنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

طویل لوڈ شیڈنگ اور بیک اپ آلات کی درآمد میں رکاوٹ کی وجہ سے ٹاور اور تنصیبات کے لیے بیک اپ بجلی کی مسلسل فراہمی ممکن نہیں رہی، جس کے باعث ملک میں ٹیلی کام سروسز اور براڈ بینڈ انٹرنیٹ کی سروس معطل ہونے کا خدشہ ہے۔

ٹیلی کام کمپنیوں کا کہنا ہے کہ طویل و غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے باعث ان کے لیے سروس کے معیار اور نیٹ ورک کی توسیع سے متعلق لائسنس کی شرائط پوری کرنا مشکل ہو گیا ہے۔

دوسری جانب ان کمپنیوں کو ٹیلی کام آلات اور بیک اپ بیٹریاں درآمد کرنے میں بھی مشکلات درپیش ہیں جس کے باعث لوڈشیڈنگ کے دوران سیلولر ٹاورز کو مہنگے ایندھن پر کئی کئی گھنٹے بیک اپ فراہم کرنا مشکل ہے۔

ٹیلی کام کمپنیوں نے پی ٹی اے سے اپیل کی ہے کہ طویل لوڈ شیڈنگ اور آلات کی درآمد پر کیش مارجن کا معاملہ متعلقہ اتھارٹیز کے سامنے اٹھایا جائے اور اس مسئلے کو فوری حل کیا جائے۔

Share this article

Leave a comment