Friday, 29 November 2024


مالکانہ حقوق کیلیے بالی ووڈ کی سب سے بڑی ڈیل

ایمز ٹی وی (تجارت) بالی ووڈ اسٹار شاہد کپور، کرینہ کپور اور عالیہ بھٹ کی نئی آنے والی فلم ’’اڑتا پنجاب‘‘ کی موسیقی کے حقوق 18 کروڑ میں فروخت کردیئے گئے جس کے بعد فلم نے دبنگ سپر اسٹار سلمان خان کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ بالی ووڈ میں فلم کے میوزک کے مالکانہ حقوق بھی خاصی اہمیت رکھتے ہیں یہی وجہ ہے کہ فلم کی کمائی کا کچھ حصہ موسیقی کے ذریعے بھی حاصل کیا جاتا ہے اسی لیے فلموں کی موسیقی کے مالکانہ حقوق بھی بڑے مہنگے فروخت کیے جاتے ہیں تاہم اب شاہد کپور کی فلم ’’اڑتا پنجاب‘‘ کے میوزک رائٹس کے لیے سب سے بڑی ڈیل نے سب کو حیران کردیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ اسٹار شاہد کپور، کرینہ کپورخان اورعالیہ بھٹ کی نئی آنے والی فلم ’’اڑتا پنجاب‘‘ کی موسیقی کے مالکانہ حقوق 18 کروڑ میں فروخت کرکے سلمان خان کی فلم ’’پریم رتن دھن پایو‘‘ کو پیچھے چھوڑ دیا ہے جب کہ فلم کے میوزک رائٹس کی ڈیل کو اب تک کی بالی ووڈ کی سب سے بڑی میوزک ڈیل قرار دیا ہے۔ سلمان خان کی فلم ’’پریم رتن دھن پایو‘‘ کی موسیقی کے مالکانہ حقوق 17 کروڑ میں فروخت کیے گئے تھے۔ واضح رہے کہ اداکار شاہد کپور کی فلم ’’اڑتا پنجاب‘‘ رواں سال 17 جون کو نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

Share this article

Leave a comment