Friday, 29 November 2024
Saturday, 07 May 2016 05:00

اسمارٹ فون سےکنٹرول ہونے والا اسمارٹ اوون تیار

ایمز ٹی وی (سائنس ) آج کل لوگ گھر پر ہی بہترین کھانے بنا کر لطف اندوز ہونا چاہتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ مزیدار کھانے بنانے کے لیے نت نئی جدید مشینیں بھی سامنے آرہی ہیں اور اب ایسی ہی ایک میشن سام سنگ نے تیار کی ہے جو اسمارٹ اوون ہے جسے آپ اپنے اسمارٹ فون سے بھی کنٹرول کرسکتے ہیں۔ سام سنگ کا پیش کردہ یہ اسمارٹ اوون انٹرنیٹ کے ذریعے کنٹرول کیا جا سکتا ہے۔ اسے کچن میں رکھنے کے بعد وائی فائی سے کنیکٹ کریں اور اسمارٹ فون میں موجود اس کی ایپلی کیشن سے اس کا مکمل نظام سنبھالیں۔ ایپلی کیشن کے ذریعے اسے نہ صرف آن آف کیا جا سکتا ہے بلکہ درجہ حرارت کو کم زیادہ بھی کیا جا سکتا ہے اور اگر غلطی سے اوون چلتا رہ جائے تو یہ باقاعدہ نوٹی فکیشن کے ذریعے اسمارٹ فون پر آگاہ بھی کرتا ہے جس کے بعد اسے فون ہی کے ذریعے کہیں بھی رہتے ہوئے بذریعہ انٹرنیٹ بند ہونے کا حکم دیا جا سکتا ہے۔ اس اوون کے ہوتے ہوئے کوئی کھانا جل بھی نہیں سکتا کیونکہ یہ پہلے مطلع کر دیتا ہے۔ یہی نہیں اس میں تقسیم ہو کر ایک سے دو اوون بننے کی سہولت بھی موجود ہے۔ مثلا اگر بیک وقت دو کھانوں کو مختلف درجہ حرارت پر گرم کرنا ہو تو اس کے اسمارٹ ڈیوائیڈر ڈیزائن کی مدد سے اسے دو حصوں میں تقسیم کیا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ یہ کھانے کی خوشبو اور ذائقے کو بھی ایک سے دوسرے حصے میں جانے نہیں دیتا۔ یہ اسمارٹ اوون دو مختلف ڈیزائنوں اور ماڈلز میں دستیاب ہے۔ اس طرح اس اوون کے ہوتے ہوئے خواتین گھر سے نکلنے کے بعد کم از کم اس تشویش میں نہیں رہیں گی کہ کہیں اوون چلتا تو نہیں رہ گیا۔

Read 1831 times

Leave a comment