Thursday, 28 November 2024


جاپان: آتش فشاں پھٹنے سے فضا میں دھوئیں اور راکھ کے بادل

جاپان کے جنوب میں واقع ایک آتش فشاں کے پھٹنے سے علاقے میں لوگوں کی نقل و حرکت محدود اور فضائی سروس معطل ہو گئی ہے۔

جاپان کے محکمہ موسمیات کے مطابق ماؤنٹ اسو سے جمعہ کو نکلنے والے دھوئیں اور راکھ کے بادل فضا میں تقریباً ایک کلومیٹر بلندی تک جا رہے ہیں۔

قریبی شہر کوماموٹو کے ہوائی اڈے پر درجنوں پروازوں کو منسوخ کر دیا گیا ہے جب کہ لوگوں کو اپنی نقل و حرکت محدود رکھنے کا کہا گیا ہے۔

گزشتہ 22 سال میں اس آتش فشاں میں ہونے والی اس نوعیت کی یہ پہلی سرگرمی ہے۔

دارالحکومت ٹوکیو سے تقریباً ایک ہزار کلومیٹر جنوب مغرب میں واقع ماؤنٹ اسو کیوشو جزیرے میں واقع ہے جو کہ دنیا کے بڑے جزائر میں سے ایک ہے۔ یہاں اگست کے اواخر میں زلزلے اور دیگر زیر زمین تبدیلیاں ریکارڈ کی گئی تھیں۔

ماہرین کا اندازہ ہے کہ آتش فشاں سے مزید بڑے پیمانے پر لاوہ یا راکھ نہیں نکلے گی۔

جاپان کے ایک مغربی علاقے ناگانو میں واقع ماؤنٹ اونٹیک میں ستمبر کے اواخر میں ایک آتش فشاں کے پھٹنے سے تقریباً پچاس افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

Share this article

Leave a comment