جمعہ, 22 نومبر 2024


بھارتی گلوکارہ مبارک بیگم80 برس کی عمر میں انتقال کرگئیں

ایمزٹی وی (انٹرٹینمنٹ) معروف بھارتی گلوکارہ مبارک بیگم طویل علالت کے بعد پیر کی شب 80برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔ گلوکارہ کی وفات کی خبر کی تصدیق انکے اہلخانہ کی جانب سے کی گئی، بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق مبارک بیگم کا انتقال پیر رات انکے جوگیشوری میں واقع گھر میں ہوا، وہ ایک عرصے سے علیل تھیں۔ مبارک بیگم نے 1950ءسے لے کر 1970ءکے عشروں کے درمیانی عرصے میں 100سے زائد ہندی فلموں کے لیے گیت گائے۔ان کے سدا بہار گیتوں میں ”کبھی تنہائیوں میں ہماری یاد آئے گی“ اور ’مجھکو اپنے گلے لگا لو‘ شامل ہیں، کہا جارہا ہے کہ ان کی موت کے بعد نور جہاں، ثریا اور شمشاد بیگم کی طرز کی گلوکاری کا شاندار عہد اپنے اختتام کو پہنچ گیا ہے۔ مبارک بیگم کو معروف موسیقار نوشاد علی نے 1949ءمیں 13 سال کی کچی عمر میں فلمی دنیا میں متعارف کرایا تھا، وہ راجستھان میں پیدا ہوئیں لیکن ان کی پرورش ریاست گجرات میں ہوئی اور پھر وہ ممبئی منتقل ہو گئیں۔ ان کا تعلق کلاسیکی موسیقی کے کیرانا گھرانے سے تھا جہاں انھوں نے استاد ریاض الدین اور استاد صمد خان سے تربیت حاصل کی۔ مبارک بیگم نے دلیپ کمار کی دو فلموں ’دیوداس‘ اور ’مدھومتی‘ میں آواز دی ہے، دیو داس میں ان کا گیت ’وہ نہ آئیں گے پلٹ کر‘ گایا ہے جبکہ مدھومتی میں ’ہم حال دل سنائیں گے‘ کو آواز دی ہے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment