جمعہ, 22 نومبر 2024


ٹرمپ کے خلاف ہالی ووڈ اداکار بھی میدان میں

ایمزٹی وی (انٹرٹینمنٹ) امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف اداکار بھی میدان میں آگئے۔ امریکا میں 100 کے قریب اداکاروں اور گلوکاروں نے ٹرمپ کے خلاف ایک آگاہی مہم کا آغاز کردیا ہے۔

ان فنکاروں کا کہنا ہے کہ ٹرمپ ایک نفرت انگیز نظریے کو فروغ دے رہے ہیں۔ آن لائن جاری کی جانے والی اپیل میں کہا گیا ہے، ’ہم ان لاکھوں امریکیوں کا ساتھ دینے کے لیے جمع ہوئے ہیں جو ریپبلکن پارٹی کی جانب سے نامزد کردہ امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کو شکست دینا چاہتے ہیں‘ اپیل میں مزید کہا گیا ہے، ’ہم سمجھتے ہیں کہ یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم لوگوں کی توجہ دلائیں کہ ٹرمپ کے صدر بننے کی صورت میں امریکا کو کیا کیا خطرات لاحق ہوسکتے ہیں‘۔ ان ہالی ووڈ اداکاروں میں کیری واشنگٹن، جولیانے مور، پیٹریشیا آرکیٹ، جین فونڈا اور ووڈی ہیرلسن جبکہ گلوکاروں میں رسل سمسن، مشل سٹپ اور ڈی جے اسپوکی شامل ہیں۔

ان فنکاروں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ارب پتی ٹرمپ چاہتا ہے کہ ہمارا ملک دوبارہ اس دور میں چلا جائے جب خوف اور تشدد کا دور تھا، جب لالچ تفریق کو فروغ دے رہی تھی، اور جب ریاست میں امیر اور غریب کے لیے الگ الگ قوانین تھے۔ فنکاروں کا یہ گروپ لوگوں کو قائل کر رہا ہے کہ وہ اس پٹیشن پر دستخط کریں اور اپنے ووٹ کی طاقت استعمال کرتے ہوئے ٹرمپ کے نفرت انگیز نظریے کو شکست دے دیں۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment