جمعہ, 22 نومبر 2024


شاہ رخ خان کی پشاوری چپل گرفتار

ایمزٹی وی(انٹرٹینمنٹ) معروف بھارتی اداکار شاہ رخ خان کے لیے پشاوری چپل بنانے میں ہرن کی کھال استعمال کرنے پر محکمہ جنگلی حیات نے کاریگر جہانگیر خان کو حراست میں لے لیا۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی فلم انڈسٹری کے مشہور ترین ہیرو شاہ رخ اپنے آبائی علاقے پشاور کی روایات اور تہذیب سے خاص لگاؤ رکھتے ہیں یہی وجہ ہے کہ وہ پشاور میں مقیم اپنی چچا زاد بہن نور جہاں کے ذریعے خصوصی طور پر تیار پشاوری چپل منگواتے رہتے ہیں اس بار بھی انہوں نے اپنی چچا زاد بہن سے ہی فرمائش کی ہے۔

شاہ رخ خان کی فرمائش پر اُ ن کی چچا زاد بہن نے ہمیشہ کی طرح اس بار بھی پشاوری چپل کے ماہر اور مشہور کاریگر جہانگیر خان سے رابطہ کیا جنہوں نے ایک ماہ کی قلیل مدت میں ہرن کی کھال سے بنی پشاوری چپل تیار کر لی۔

اس بات کی خبر جب میڈیا کے ذریعے پھیلی تو محمکہ جنگلی حیات کو ہوش آیا اور انہوں نے ہرن کی کھال استعمال کرنے پر ملزم جہانگیر کو گرفتار کر کے پشاوری چپل اور ہرن کی کھال ضبط کر کے مزید تحقیقات کے لیے ملزم کو تھانے منتقل کردیا۔

پولیس کا کہنا تھاکہ ہرن کے شکار پر مکمل پابندی عائد ہے اس لیے تحقیقات کر رہےہیں کہ کاریگر تک ہرن کی کھال کیسے پہنچی اور اس غیر قانونی کام میں کون کون ملوث ہے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment