ایمزٹی وی(انٹرٹینمنٹ) شاہ رخ خان کی فلم ’رئیس‘ میں پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان کی جگہ بھارتی اداکارہ کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اڑی حملے کے بعد سے پاکستان اور بھارت کے درمیان صورتحال کافی کشیدہ ہے جب کہ اس تمام صورتحال پر بالی ووڈ انڈسڑی میں ایک نیا تنازع کھڑاہوگیا ہے اور پاکستانی فنکاروں کے بھارت میں کام کرنے کے معاملے پر فلم نگری دو حصوں میں بٹ گئی ہے،کئی نامور بھارتی اداکاروں نے پاکستانی اداکاروں کے حق میں آواز بلند کی ہے تو کوئی زہر اگل رہا ہے۔ اب بھارتی میڈیا میں خبریں گردش کررہی ہیں کہ شاہ رخ خان کی فلم ’رئیس‘ میں کنگ خان کے مد مقابل ہیروئین کا کردار اداکرنے والی مشہور پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان کو فلم کی کاسٹ سے نکالا جارہا ہے اور ان کی جگہ کسی اور بھارتی اداکارہ کو شامل کیا جارہا ہے۔
دونوں ممالک کے درمیان حالیہ کشیدگی کے باعث ماہرہ خان کو فلم سے نکالنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، فلم کے ہدایت کار رتیش سدھوانی کے لیے یہ فیصلہ انتہائی تکلیف دہ ہے جب کہ اس مسئلہ سے نکلنے کے لیے دبئی میں شوٹنگ پر بھی غور کیا گیا لیکن مسئلے کا حل نہیں نکل سکا جس کے بعد اس بات کا فیصلہ کیا گیا ہے کہ ماہرہ خان کا کردار کوئی بھارتی اداکارہ نبھائے گی تاہم اس حوالے سے ابھی تک فلم پروڈیوسر شاہ رخ خان کی جانب سے کسی قسم کی کوئی تصدیق نہیں کی جاسکی ہے۔
واضح رہے کہ بالی ووڈ اسٹار شاہ رخ خان کی فلم ’’رئیس‘‘ اگلے برس 26 جنوری کو نمائش کے لیے پیش کی جانی تھی جس میں ان کے مدمقابل اداکارہ ماہرہ خان اور نوازالدین صدیقی نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔