ایمزٹی وی(انٹرٹینمنٹ) بالی ووڈ اسٹارہریتھک روشن کی 2 سال بعد فلم ’’موہن جودڑو‘‘ کے ذریعے سلوراسکرین پرواپسی ہوئی تھی لیکن وہ فلم بینوں کو متاثر کرنے میں بری طرح ناکام ثابت ہوئے تھے جس کے بعد وہ خاصے پریشان بھی رہنے لگے تھے تاہم اداکارکی ذاتی زندگی بھی گزشتہ دنوں خاصی پریشانیوں کا شکاررہی ہے جس کے بعد انہوں نے انکشاف کیا ہے وہ بھی اداکارہ دپیکا پڈوکون کی طرح ڈپریشن جیسی بیماری کا شکاررہ چکے ہیں۔
بالی ووڈ اداکار ہریتھک روشن کا ایک تقریب کے دوران کہنا تھا کہ زندگی میں مختلف قسم کے اتار چڑھاؤ کے باعث وہ بھی ڈپریشن کا شکاررہ چکے ہیں۔ اداکار نے کہا کہ انہوں نے بہت سی الجھنوں کا سامنا بھی کیا ہے جیسا کہ سب ہی اپنی زندگی میں کرتے ہیں اور یہ ایک معمول کی بات ہے جس کا سامنا ہر انسان کرتا ہے۔
اداکارنے کہا کہ سب ہی اپنی زندگی میں اتار چڑھاؤ کا سامنا کرتے ہیں لیکن میں نے اپنی ذاتی زندگی میں اس کا زیادہ سامنا کیا ہے، زندگی میں محض “سب اچھا” ہی اہمیت کا حامل نہیں ہوتا، کبھی کبھی “کچھ برا” بھی ہمیں بہت کچھ سکھاتا ہے کیونکہ سوچ کی وضاحت بہت ضروری ہوتی ہے، کبھی کبھی آپ کا دماغ بھی بہت سے برے خیالات کو جگہ دیتا ہے جس کی کسی اور کی جانب سے نشاندہی بہت ضروری ہوتی ہے۔
بالی ووڈ اداکار نے مزید کہا کہ ہرانسان کے ساتھ ہی کچھ نہ کچھ ایسے مسئلے مسائل ہوتے ہیں جن کے باعث وہ ڈپریشن کا شکارہوجاتاہے۔ بہت سے لوگ خاموشی سے اس بیماری کو سہتے ہیں اور دیگر کسی بھی بیماری کو سب کے سامنے عیاں کردیتے ہیں۔