ایمزٹی وی(انٹرٹینمنٹ) ہالی ووڈ اداکار بریڈ پٹ نے اداکارہ انجلینا جولی سے علیحدگی کی صورت میں اپنے چھ بچوں کی مشترکہ نگہبانی کیلئے اپیل کی ہے۔
انہوں نے انجلینا جولی کی جانب سے تمام بچوں کی مکمل نگہبانی حاصل کرنے کی درخواست کے جواب میں یہ قدم اٹھایا ہے۔ خیال رہے کہ تمام بچے آٹھ سے 15 سال کی عمر کے درمیان ہیں۔ اداکارہ جولی نے 19 ستمبر کو جب علیحدگی کیلئے درخواست دائر کی تو انہوں نے اسکا سبب ناقابل مصالحت اختلافات بتایا تھا۔ بریڈ پٹ سے اپنے سب سے بڑے بیٹے میڈوکس کیساتھ ایک طیارے میں ہونیوالے واقعات کے بارے میں پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔
امریکی میڈیا کیمطابق لاس اینجلس میں اطفال کے بہبود کی ایک ایجنسی اس بارے میں تفتیش کر رہی ہے کہ آخر ستمبر مہینے کی درمیانی تاریخوں کے دوران ایک پرائیویٹ پرواز کے دوران کیا واقعات رونما ہوئے تھے۔ فی الحال دونوں فنکاروں کے درمیان عارضی سمجھوتہ ہو گیا ہے اس لئے فائٹ کلب کے سٹار اپنے بچوں سے مل سکتے ہیں جبکہ اسی دوران تحقیقات جاری رہیں گی۔ کیلیفورنیا کی عدالت عام طور پر مشترکہ تحویل یا نگہبانی کے حق میں ہوتی ہے لیکن طیارے میں ہونیوالے واقعات کے نتائج جج کے فیصلے پر اثر انداز ہو سکتے ہیں۔ اسکے علاوہ دونوں ذاتی طور پر کسی فیصلے پر پہنچ سکتے ہیں تاکہ معاملہ عوام تک نہیں پہنچ سکے۔ مسٹر پٹ کی تحویل کی درخواست انجلینا جولی کی طلاق کی درخواست کے جواب میں شامل تھی۔
انہوں نے بتایا کہ طیارے میں ہونیوالے مبینہ جھگڑے کے ایک دن بعد دونوں 15 ستمبر کو علیحدہ ہو گئے۔ بریڈ پٹ اور انجلینا جولی 2004ء سے ایک ساتھ رہ رہے تھے اور انہوں نے اپنے بچوں کے کہنے پر اگست 2014ء میں باضابطہ شادی کی تھی۔