جمعہ, 22 نومبر 2024


فلم ’’اے دل ہے مشکل‘‘ کی پاکستان میں نمائش

 

ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ)بالی ووڈ فلم ’’اے دل ہے مشکل‘‘ ریلیز سے قبل ہی پاکستانی اداکار فواد خان کے کام کرنے کے باعث ہندو انتہا پسندوں کی جانب سے دھمکی کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہوگئی تھی لیکن فلم مداحوں کی جانب سے خوب پسند بھی کی گئی اور اب پاکستان میں بھارتی فلموں کی نمائش پرسے پابندی ہٹنے کے بعد اس فلم کو ملک میں بھی نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا۔

پاکستانی اداکار فواد خان کی بالی ووڈ فلم ’’اے دل ہے مشکل‘‘ کی بھارت میں ریلیز پر ہندو انتہا پسندوں کی جانب سے شدید درعمل سامنے آیا تھا، جس پر بھارتی فلم پروڈیوسرز نے اپنی آئندہ فلموں میں پاکستانی اداکاروں اور تکنیکی ماہرین کو کام نہ دینے کا اعلان کیا تھا۔

اس کے علاوہ بھارتی ٹی وی چینلز پر پاکستانی ڈرامے نشر کرنا بھی بند کردیئے گئے۔ اسی احتجاج کے بعد پاکستان میں سینما مالکان نے بھارتی فلموں کا بائیکاٹ کردیا تھا تاہم حکومت کی جانب سے پابندی اٹھنے کے بعد اب ’’اے دل ہے مشکل‘‘ کی مشکل بھی آسان ہوگئی ہے اور اسے ملک بھر میں نمائش کے لیے این او سی جاری کردیا گیا ہے۔ ’’اے دل ہے مشکل ‘‘ کو آج سنسر بورڈ کے سامنے پیش کیا جائے گا، سنسر بورڈ کی اجازت کے بعد فلم نمائش کیلئے پیش کی جائے گی۔

فلم میں پاکستانی اداکار فواد خان کے علاوہ رنبیر کپور، ایشوریا رائے اور انوشکا شرما نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔ واضح رہے کہ بھارتی حکومت کی جانب سے پاکستان کے خلاف جارح رویہ اپنانے اور پاکستان کو دنیا میں تنہا کرنے کے اعلانات کے بعد موجودہ سینما مالکان نے گزشتہ سال اگست میں بھارتی فلموں کی نمائش پر پابندی عائد کردی تھی۔

 

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment