ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ) بالی ووڈ اداکارہ سونم کپور کو فلم نیرجا کیلئے نیشنل فلم خصوصی ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اس موقعے پر ان کا کہنا تھا کہ یہ اعزاز ملنے سےان کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے کہ وہ مزید اچھی کہانی پر مبنی فلموں میں کام کریں۔سونم نے کہا کہ نیشنل ایوارڈ حاصل کرنے کا احساس بہت اچھا ہے،ایمانداری کی بات ہے مجھے اس کی امید نہیں تھی۔
ایک سوال کہ نیشنل ایوارڈ سے کیا ان کیلئے اچھی کہانیوں پر مبنی فلموں کے دروازے کھل جائیں گے۔اس کے جواب میں سونم کپور نے کہا کہ میرے خیال میں گزشتہ2 برس سے میں اچھی کہانی پر مبنی فلموں میں ہی کام کررہی ہوں۔ مگر یقیناََ نیشنل ایوارڈ سے میری حوصلہ افزائی ہوئی ہے کہ میں ایسی فلموں میں کام کروں۔
اداکارہ جو نئی دہلی میں ایوارڈ وصول کریں گی نے کہا کہ میرے لئے یہ بہت اہمیت کا حامل ہے، یہ نیرجا جیسی فلموں میں کام کرنے کیلئے شاندار توثیق ہے،مگر اس کے ساتھ ہی اس بات کی بہت ضرورت ہے کہ نیرجا جیسی فلمیں مزید بنائی جائیں،جس میں انسانی جرأت و ہمت کے بارے میں بتایا جائے۔
نیرجا جیسی فلم کے ایوارڈ جیتنے پر سونم کپور نے کہا کہ انسانی جذبہ، ہمدردی اور رحم دلی ہی ہماری زندگی کا مقصد ہونا چاہئے۔اپنے والدین اداکار انیل کپور اور سنیتا کے ساتھ بدھ کوتقریب میں شرکت کرنے والی سونم کپور نے کہا کہ میرے والدین میرے ساتھ ہیں اور میرے خیال میں وہ بہت پرجوش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ ان کیلئے اور فلم کے ڈائریکٹر رام مدھوانی کیلئے بہت خوش ہیں کیونکہ رام واقعی چاہتے تھے کہ میں ایوارڈ جیتوں اور میرے والدین کو مجھ پر فخر محسوس ہورہا ہوگا۔
نیرجا ایک بائیو گرافیکل تھرلر فلم تھی، جس کا پلاٹ ہوائی جہاز کے اغواء پر مبنی تھا،اس میں نیرجا بھانوٹ کی بہادری کی کہانی بیان کی گئی، ایک ایئر ہوسٹس جو اپنی جان دے کر لوگوں کی جان بچاتی ہے۔