جمعہ, 22 نومبر 2024


عیدالاضحیٰ پر پاکستانی فلموں کی دھوم

 

ایمزٹی وی (انٹرٹینمنٹ)عید الاضحیٰ پر ریلیز ہونے والی پاکستانی فلموں نے دھوم مچادی ہے اور ان کے تمام شو ہاؤس فل جارہے ہیں۔ سینما گھروں میں شہریوں کا ہجوم قابلِ دید ہے جبکہ ’’پنجاب نہیں جاؤں گی‘‘ اور ’’نامعلوم افراد 2‘‘ کو باکس آفس پر عوام کی جانب سے زبردست پذیرائی مل رہی ہے۔
خبروں سے پتا چلتا ہے کہ عید الاضحیٰ کے پہلے دو دنوں میں ’’پنجاب نہیں جاؤں گی‘‘ نے 5 کروڑ روپے جبکہ ’’نامعلوم افراد 2‘‘ نے تقریباً 3 کروڑ روپے کا بزنس کیا ہے جو اس سال عیدالفطر کے موقعے پر ریلیز ہونے والی تمام فلموں کے مجموعی بزنس سے بھی زیادہ ہے۔
ملک بھر کے ممتاز سینما گھروں پر فلم بینو ں کا ہجوم ہے جبکہ عیدِ قرباں کی دونوں کامیاب ترین فلموں میں قدرِ مشترک ان کی کہانی میں کامیڈی کا تڑکا ہے۔ 2014 میں ریلیز ہونے والی ’’نامعلوم افراد‘‘ کا سیکوئل ’’نامعلوم افراد 2‘‘ اس سال بھی فلم شائقین کی داد سمیٹ رہا ہے البتہ اس کی کہانی بالی ووڈ فلم ’’پھر ہیرا پھیری‘‘ سے متاثر دکھائی دیتی ہے۔ پہلے کی طرح اس سیکوئل میں بھی جاوید شیخ، فہد مصطفی اور محسن عباس حیدر نے مرکزی کردار نبھایا ہے جبکہ عروہ حسین، بانیہ عامر اور نیر اعجاز معاون کرداروں کے روپ میں دکھائی دیتے
’’پنجاب نہیں جاؤں گی‘‘ ہمایوں سعید کی پروڈکشن ہے جو اس سے پہلے ’’جوانی پھر نہیں آنی‘‘ بنا چکے ہیں جو اب تک پاکستان کی کامیاب ترین فلم ہے۔ جہاں تک مرکزی کرداروں کا تعلق ہے تو ان میں ہمایوں سعید اور مہوش حیات کے ساتھ ساتھ عروہ حسین بھی شامل ہیں۔ پاکستانی فلم ناقدین کی رائے میں ’’پنجاب نہیں جاؤں گی‘‘ ہمایوں سعید کی سابقہ پروڈکشن سے بھی کہیں زیادہ معیاری اور قابلِ دید ہے جس میں تمام اداکاروں نے اپنے اپنے کرداروں میں حقیقت کے رنگ بھرے ہیں۔
سینما گھروں پر عوام کا ہجوم دیکھ کر یہ اندازہ ہوتا ہے کہ ناقص اور غیر معیاری فلمیں دیکھ دیکھ کر ناراض پاکستانی فلم بینوں کا غصہ ختم ہوچکا ہے اور اب وہ دوبارہ سے پاکستانی فلمیں دیکھنا چاہتے ہیں۔
اس عید پر ایک حیر ت انگیز بات یہ دیکھنے میں آئی کہ بھارتی فلم ’’بادشاہو‘‘ جو اسی عید پر ریلیز ہونے والی تھی، اسے ملک بھر میں کوئی سینما نہیں مل سکا جس کی وجہ سے اس کی ریلیز کی تاریخ ایک ہفتہ آگے بڑھادی گئی ہے۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment