ایمزٹی وی(انٹرٹینمنٹ)بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامرخان کو ترک حکومت کی جانب سے قرآن پاک کا نایاب نسخہ ہدیہ کیا ہے۔
سپراسٹار عامرخان کے مداح بھارت سمیت دنیا بھرمیں موجود ہیں، یہی وجہ ہے کہ گزشتہ سال ریلیز ہوئی ان کی فلم ’’دنگل‘‘نے چین میں تقریباً 1000 کروڑ کاغیر معمولی بزنس کرکے نیا ریکارڈ قائم کیا تھا۔ عامر خان چاہتے ہیں کہ ان کی ہر فلم چائنا سمیت پوری دنیا میں اچھا بزنس کرے اور اسی لیے وہ آج کل اپنی فلم ’’سیکریٹ سپر اسٹار‘‘کی تشہیر کے سلسلے میں ترکی میں موجود ہیں اور اپنی فلم کی پرموشن کرنے کے ساتھ وہاں کے کلچر سے لطف اندوز ہورہے ہیں۔
عامر خان نے چند روز قبل صدارتی محل میں ترک صدر رجب طیب اردوان سے بھی ملاقات کی تھی، اس ملاقات کی تصاویر براہ راست صدارتی محل سے ٹوئٹر پر شیئر کی گئی تھیں۔
حال ہی میں ترک حکومت نے ایک تقریب کے دوران عامر خان کو قرآن پاک کا نایاب نسخہ ہدیے میں دیا ہے جسے لیتے ہوئے عامر خان بہت خوش نظرآئے، عامر خان نے بھی ترک وزیر کو بھارت آنے کی دعوت دی جس پر انہوں نے کہا وہ جلد بھارت آئیں گے۔
واضح رہے کہ فلم ’’سیکریٹ سپراسٹار‘‘میں عامر خان اور زائرہ وسیم مرکزی کردار نبھارہے ہیں، فلم رواں ماہ 19 اکتوبر کو ریلیز کی جائے گی۔