ایمزٹی وی(انٹرٹینمنٹ)بالی وڈ اداکار عرفان خان کے ترجمان نے ان کی خرابی صحت سے متعلق رپورٹس کو غلط قرار دیتے ہوئے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہیں پھیلانے سے گریز کریں۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ عرفان خان نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں انکشاف کیا تھا کہ وہ نیورواینڈوکرائن ٹیومر کا شکار ہیں، جس کے علاج کی غرض سے وہ بیرون ملک جائیں گے۔
تاہم اب سوشل میڈیا پر اس حوالے سے خبریں گردش کر رہی ہیں کہ عرفان خان کینسر کی آخری اسٹیج پر ہیں، ساتھ ہی ان کی زندگی اور صحت کے لیے دعاؤں کی بھی درخواست کی جا رہی ہے۔
بھارتی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق ان افواہوں پر ردعمل دیتے ہوئے عرفان خان کے ترجمان نے کہا، 'سوشل میڈیا پر کچھ دن سے اداکار کی صحت کے حوالے سے گردش کرنے والی خبریں مکمل طور پر جھوٹی ہیں اور ان میں کوئی صداقت نہیں ہے'۔
ترجمان نے مزید کہا، 'ہم میڈیا ارکان سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ عرفان کے لیے اپنی حمایت جاری رکھیں، تاہم یہ درست نہیں ہے کہ سوشل میڈیا پر حقائق کے منافی افواہیں پھیلائی جائیں، ہماری درخواست ہے کہ کسی کی صحت سے متعلق سوشل میڈیا پر اسٹیٹس لگانے سے گریز کریں۔ '
51 سالہ عرفان خان بالی وڈ کی 100 سے زائد فلموں میں کام کرچکے ہیں، ان کی مشہور فلموں میں پیکو، مقبول، حاصل اور پان سنگھ تومار شامل ہیں۔
اس کے علاوہ وہ انگریزی زبان کی فلموں لائف آف پائی، سلم ڈاگ ملینیئر اور امیزنگ اسپائیڈر مین میں بھی کام کرچکے ہیں۔