جمعہ, 22 نومبر 2024


سعودی عرب میں سینما کی بحالی خوش آئند ہے،مصری فن کار

 

قاہرہ: سعودی عرب میں سینما گھروں پر سے پابندی اٹھنے کے بعد مصر کی فلم انڈسٹری نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے مستقبل میں مشترکہ فلم سازی کے لیے مفید قرار دے دیا 35 سال بعد سعودی سینما کے بحال ہونے سے سعودی فلم سازی کے شعبے کی ترقی کے امکانات بھی پیدا ہوگئے ہیں، اس سلسلے میں مصری فن کاروں نے سعودی سینما کی بحالی کو خوش آئند قرار دے دیا ہے۔ ماضی میں سعودی عرب اور مصر شوبز کے شعبے میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرتے رہے ہیں، امید ہے کہ آنے والے دنوں میں دونوں ممالک باہمی تعاون کے نئے معاہدے بھی کریں گے۔ واضح رہے کہ مصری فلم انڈسٹری عرب دنیا کی بڑی فلمی صنعت ہے جو سعودی عرب میں فلم انڈسٹری کے ارتقا کے حوالے سے کلیدی کردار ادا کرسکتی ہے، مصری انڈسٹری سے وابستہ افراد کا کہنا ہے کہ ریاض کے ساتھ اس سلسلے میں تعاون سے نئی راہیں کھل جائیں گی اور دونوں ملکوں کے فن کار مشترکہ منصوبوں پر کام کرسکیں گے۔ مصری شوبز سے وابستہ فن کاروں کا کہنا ہے کہ سعودی سینما کی بحالی سے مصری فلم انڈسٹری کو ایک نئی مارکیٹ مل جائے گی اور سعودی ٹی وی چینلوں پر نشر ہونے والے ڈراموں کی تیاری میں بھی مصری کردار سامنے آئے گا۔ خیال رہے کہ سعودی فلمی سرگرمیوں کی بحالی سے متعدد ممالک فائدہ اٹھائیں گے تاہم مصر ان میں سرفہرست ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان گہرے روابط ہیں جب کہ فلمی دنیا میں دونوں کے مزاج میں بھی ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔ علاوہ ازیں شوبز سے وابستہ افراد نے یہ سوال بھی اٹھایا ہے کہ کیا سعودی سینما ہر فلم کو نمائش کے لیے پیش کرسکے گا، تاہم سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی لائی ہوئی شان دار اصلاحات کو دیکھتے ہوئے اس توقع کا اظہار بھی کیا جارہا ہے کہ سعودی سینما بہت سی فلموں کے لیے اپنا دامن کشادہ کرلے گا۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment