ایمزٹی وی(انٹرٹینمنٹ)نامور بالی ووڈ اداکار سنجے دت کی زندگی پر مبنی فلم ’سنجو‘ریلیز سے قبل ہی مشکلات کا شکار ہوگئی فلم کے خلاف بھارتی سینٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفیکیشن میں شکایت درج کرائی گئی ہے۔
ہدایت کار راجکمار ہیرانی کی فلم’سنجو‘کے چرچے پورے بالی ووڈ میں جاری ہیں فلم کے ٹریلر ریلیز کے بعدسے ہی فلم پوری انڈسٹری میں موضوع بحث بنی ہوئی ہے، تاہم ریلیز سے قبل فلم ’سنجو‘کے لیے مشکلات کھڑی ہوگئیں۔ بھارتی سماجی رہنما پریتھوی مہاسکے نے فلم کے ٹریلرمیں دکھائے گئے ایک سین پر اعتراض اٹھاتے ہوئے فلم کے خلاف سینٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفیکیشن میں شکایت درج کرائی ہے۔
ٹریلر میں دکھائے گئےایک سین میں رنبیر کپور کو جیل کی کال کوٹھری میں بند دکھایا گیاہے جہاں اچانک ٹوائلٹ میں پانی بھرجاتا ہے اور رنبیر کپور چیخ چیخ کر جیل حکام کو آوازیں دیتے ہیں لیکن کوئی بھی ان کی پکار نہیں سنتا۔ پریتھوی مہاسکے نےچیف سینٹرل بورڈ پرسون جوشی کو لکھے گئے خط میں موقف اختیار کیا ہے کہ اس سین کی وجہ سے بھارتی جیلوں اور جیل حکام کے بارےمیں غلط تاثر جائے گا۔ انہوں نےمزید لکھا کہ انہیں ملنے والی معلومات کے مطابق حکومت اور جیل حکام جیل میں بند قیدیوں کی دیکھ بھال میں کوئی کسر نہیں اٹھاتے ہم نے کبھی ایسا کوئی واقعہ نہیں سنا یہاں تک کہ اس سے قبل ریلیز ہونےوالی فلموں میں بھی ایسا کوئی سین نہیں دکھایاگیا۔
مہاسکے نے مزید لکھا اگر آپ اس سین کے خلاف کوئی ایکشن نہیں لیں گےتو ہمیں مجبوراً عدالت سے فلم کی ریلیز کے خلاف حکم امتناعی لینا پڑے گاجس کا مطلب ہے فلم مقررہ وقت پر ریلیز نہیں ہوسکے گی۔
واضح رہے کہ فلم’سنجو‘میں اداکار سنجے دت کی زندگی کے مختلف مراحل خاص طور پر ان کے جیل میں گزارے گئے دنوں کو فلمایاگیا ہے، فلم میں اداکار رنبیر کپور سنجے دت کا مرکزی کردار اداکررہے ہیں جب کہ دیگر کاسٹ میں اداکارپاریش راول، منیشا کوئرالہ، انوشکا شرما، دیا مرزا اورسونم کپور شامل ہیں فلم 29 جون کوریلیز کی جائے گی