لاہور:معروف گلوکار ابرارالحق کا ملتان میں ہونے والا میوزیکل پروگرام سکیورٹی کے ناقص انتظامات کے باعث بدنظمی کا شکار ہو گیا۔ بھگدڑ کے باعث خواتین اور بچے چیختے رہے جنہیں پولیس نے آ کر ہال سے باہر نکالا.
شائقین اور سکیورٹی اہلکاروں کے درمیان جھگڑے کے نتیجے میں کئی افراد زخمی ہوئے اور گلوکار شو چھوڑ کر چلے گئے۔ پرانا شجاع آباد روڈ ملتان میں ہاوآسنگ سوسائٹی کی انتظامیہ کی جانب سے میوزک کنسرٹ کا انعقاد کیا گیا۔
پرفارمنس کے دوران بعض منچلے نوجوان سٹیج پر چڑھ کر ڈانس کرنے لگے، منع کرنے پر سکیورٹی گارڈز اور نوجوانوں کے درمیان جھگڑا شروع ہو گیا۔ جھگڑے کے دوران شو میں بھگدڑ مچ گئی جس کے باعث کئی نوجوان زخمی بھی ہوئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ہال میں موجود خواتین اور بچے بھگدڑ کے باعث چیختے رہے تاہم پولیس اطلاع ملنے پر پہنچی اور حالات پر قابو پا کر خواتین کو باہر نکالا۔ گلوکار ابرارالحق پولیس کی آمد سے قبل ہی جا چکے تھے