نئی دہلی : بالی وڈ میگا اسٹار امیتابھ بچن نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے قوانین کا مذاق بناڈالا۔
کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کا نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے درمیان ہونے والا فائنل سنسنی خیز اور دلچسپ تھا۔
50 اوورز کے میچ میں ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے انگلینڈ کی ٹیم 241 رنز پر آؤٹ ہوئی اور یوں میچ برابر ہوگیا، اس کے بعد سپر اوورز میں بھی نیوزی لینڈ نے مقابلہ برابر کردیا تھا تاہم انگلش ٹیم میچ میں زیادہ باؤنڈریز کی بنیاد پر فاتح ٹھہری۔
انگلینڈ کی جیت کے بعد پوری دنیا میں کرکٹ قوانین کی تبدیلی کی بحث زور پکڑ گئی ہے، سوشل میڈیا پر کرکٹ فینز بھی ان قوانین کا مختلف انداز میں مذاق اڑا رہے ہیں اور اب بالی وڈ میگا اسٹار نے بھی آئی سی سی قوانین کا مذاق بنایا ہے۔
میگا اسٹار امیتابھ بچن کا اپنی ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ آپ کے پاس 2 ہزار روپے ہیں اور میرے پاس بھی 2 ہزار روپے ہیں، آپ کے پاس 2 ہزار کا ایک نوٹ ہے اور میرے پاس 500 والے 4 نوٹ ہیں تو بتائیں کون زیادہ امیر ہوگا؟
اس کے بعد انہوں نے کہا کہ آئی سی سی قانون کے مطابق جس کے پاس 500 والے 4 نوٹ ہیں وہ زیادہ امیر ہے، اس کے بعد میگا اسٹار نے ہیش ٹیگ آئی سی سی رولز لکھ کر کرکٹ قوانین کا مذاق اڑایا ہے۔
ورلڈ کپ میں امپائرنگ کے فیصلوں پر بھی تنقید جاری ہے۔کسی کو فائنل میں انگلینڈ کو اوور تھرو کے 6 رنز دینے پر اعتراض ہے، کسی کو زیادہ باؤنڈریز پر انگلینڈ کو فاتح قرار دینے پر غصہ ہے۔
نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ گیری اسٹیڈ نے آئی سی سی کو مشورہ دیا ہے کہ مستقبل میں 100 اوورز میں بھی فیصلہ نہ ہو سکے تو ٹیموں کو مشترکہ فاتح قرار دیا جائے، سمجھ سے باہر ہے کہ 50 اوورز کے کھیل کا فیصلہ ایک اوورپر کیسے کیا جا سکتا ہے؟؟ جن قوانین کے مطابق 7 ہفتے کھیلتے رہے ہوں تو آخری دن کیلئے نیا قانون کیوں؟