جمعرات, 21 نومبر 2024


شوبز انڈسٹری سے وابستہ فنکاروں نے بیت اللہ کا رخ کرلیا

کراچی: ہر سال لاکھوں مسلمان فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے مسلمانوں کے مقدس مقام خانہ کعبہ کا رخ کرتے ہیں اور مکہ مکرمہ اورمدینہ منورہ میں دین اسلام کے پانچویں رکن کی ادائیگی نہایت خشوع و خضوع کے ساتھ ادا کرتے ہیں۔ رواں سال لاکھوں مسلمانوں کے ہمراہ پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ فنکاروں نے بھی فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے بیت اللہ کا رخ کیاہے۔
 
اپنی خوبصورت آواز سے پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کرنے والے نامور گلوکار عاطف اسلم نے رواں سال حج کی ادائیگی کے لیے مکہ مکرمہ کا رخ کیا ہے۔ انہوں نے ٹوئٹر پر یہ خوشخبری اپنے تمام چاہنے والوں کے ساتھ شیئر کرتے ہوئے کہا مجھے آپ سب کو بتاتے ہوئے خوشی محسوس ہورہی ہے کہ میں بہت جلد اپنی زندگی کے اہم ترین سفر پر جانے والا ہوں۔ حج پر جانے سے قبل میں اپنے گھروالوں، مداحوں اور دوستوں سمیت ان تمام لوگوں سے معافی مانگنا چاہتاہوں جن کا کبھی میں نے دل دکھایاہے، آپ سب مجھے اپنی دعاؤں میں یاد رکھیے گا۔ اس کے ساتھ ہی عاطف اسلم نے کشمیر میں ہونےو الے ظلم کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ خدا معصوم کشمیریوں اور تمام لوگوں کو اپنی حفظ و امان میں رکھے۔
 
رواں سال حج کی ادائیگی کے لیے جانے والوں میں اداکار فیروز خان بھی شامل ہیں۔ انہوں نے حج پر جانے کی خوشخبری سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے کہاکہ مجھے اس سال حج کی ادائیگی کا بلاوا آیا ہے۔ میں حج پر جانے سے قبل ان تمام لوگوں سے معافی کا طلبگار ہوں جن کا میں نے کبھی دل دکھایا ہے۔
 
 
پاکستان ٹی وی کی باصلاحیت اداکارہ روبینہ اشرف بھی حج کی ادائیگی کے لیے مکہ مکرمہ میں موجود ہیں۔ ان کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں وہ خانہ کعبہ میں دیگر زائرین کے ہمراہ نظر آرہی ہیں۔
حج کی ادائیگی کرنے والوں میں حمزہ علی عباسی بھی شامل ہیں۔
 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment