کراچی: حمزہ علی عباسی کی اہلیہ اداکارہ نیمل خاور نےسوشل میڈیا پر اپنی خوبصورتی کاراز بتاتے ہوئے خواتین کو جلد کی حفاظت کی ہدایت کی ہے۔
اداکارہ نیمل خاور کی سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں وہ اپنی خوبصورتی کا راز بتاتی ہوئی نظر آرہی ہیں جب کہ اسی ویڈیو میں نیمل خاور اپنی جلد کے حوالے سے پریشان خواتین اور لڑکیوں کو جلد کی حفاظت اور چہرے کو حسین بنانے کے گُر بھی بتاتی ہوئی نظر آرہی ہیں۔حالانکہ یہ ویڈیو کچھ پرانی ہے لیکن سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔
نیمل خاور نے ویڈیو میں بتایا کہ وہ اپنی جلد کو نرم ملائم رکھنے کے لیے بہت زیادہ مقدار میں پانی پیتی ہیں، نیمل نے کہا کہ پانی سے جلد پر بہت فرق پڑتا ہے، دن میں کم سے کم دو لیٹر پانی تو ضرور پینا چاہئیے۔ جلد کو خوبصورت اور حسین بنانے کا دوسرا گُر بتاتے ہوئے نیمل خاور نے چائے اورکافی تو ترک کرنے کا مشورہ دیا۔
نیمل نے کہا کہ چائے اور کافی میں موجود کیفین چہرے کی جلد کو خشک کرتی ہے جو کہ بہت نقصان دہ ہے لہٰذا چائے کافی کو مکمل ترک کردیں اور اگر یہ نہ کرسکیں تو کم از کم بہت حد تک کم کردیں۔
نیمل نے دلکش چہرے خوبصورت جلد کے لیے ٹپ نمبر تین بتاتے ہوئے کہا کہ خواتین ہمیشہ اپنی جلد کو نم رکھیں۔ خواتین اور لڑکیاں جلد پر لگے میک اپ کو زیادہ سنجیدگی سے نہیں لیتیں اور میک اپ کو چہرے پر لگا رہنے دیتی ہیں جو کہ بہت نقصان دہ بات ہے۔ خواتین کو چاہیے کہ میک اپ کو چہرے سے فوراً صاف کریں۔ نیمل نے بادام، کھوپرے اورزیتون کے خالص تیل کو بھی چہرے کی جلد کے لیے بہت مفید قرار دیا۔