(ایمز ٹی وی) پاکستانی فنکار علی ظفر کا کہنا ہے کہ بالی وڈ میں انھوں نے اپنے لیے کچھ اصول و ضوابط مرتب کر رکھے ہیں جس کی وہ کبھی خلاف ورزی نہیں کریں گے۔ ’پاکستانی ہونے کے ناطے میرے کچھ اصول ہیں۔ میں پردۂ سیمیں پر کبھی کِس نہیں کروں گا۔ کوئی بولڈ سین نہیں کروں گا۔‘ علی ظفر، یش راج بینر کی فلم ’ كِل دل‘ میں ایک اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ فلم میں ان کے ساتھ گووندا، پرينیتی چوپڑا اور رنویر سنگھ جیسے بڑے ستارے ہیں۔
’مجھے کام ملے یا نہ ملے، میں اپنے اصولوں پر قائم رہوں گا۔‘ وہ اپنی بات کے حق میں دلائل دیتے ہوئے کہتے ہیں: ’سلمان خان بھی تو پردے پر کس نہیں کرتے لیکن وہ تو سُپر سٹار ہیں۔‘
لیکن ان کی فلم ’ لندن، پیرس، نیویارک‘ میں تو ان کا ایک كسنگ سین تھا، تو پھر یہ کیا بات ہوئی؟ ظفر اس کی وضاحت کرتے ہیں: ’ کہانی کے لیے وہ بوسہ ضروری تھا لیکن پھر بھی وہ میں نے نہیں میرے باڈی ڈبل نے کیا تھا۔‘
علی ظفر اس بات سے بھی خوش ہیں کہ ہندوستان میں ان کے علاوہ فواد خان، عمران اور حمیمہ ملک جیسے پاکستانی فنکاروں کو مسلسل کام مل رہا ہے۔ ان کی دلی تمنّا ہے کہ پاکستانی فلم انڈسٹری بھی بالی وڈ کی طرح پھلے پھولے۔