ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ) شہر کے مشہور قصہ خوانی بازار میں واقع بالی ووڈ کے آنجہانی اداکار راج کپور کے گھر کو گرانے کی کوشش پولیس اور محکمہ آثار قدیمہ نے ناکام بنادی۔
ذرائع کےمطابق پشاور کے قصہ خوانی بازار میں واقع بالی ووڈ کے آنجہانی سپر اسٹار راج کپور کے گھر کو گرانے کی کوشش کی گئی جسے محکمہ آثار قدیمہ اور پولیس نے ناکام بنادی۔ گھر کو گرانے کا کام گھر کے موجودہ مالک کے حکم پر شروع کیا گیا تاہم محکمہ آثار قدیمہ کو اس کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس کی مدد سے گھر منہدم کرنے کے کام کو فوری طور پر روک دیا گیا جب کہ پولیس نے توڑ پھوڑ کرنے والے مزدوروں کو حراست میں لے لیا۔
محکمہ آثار قدیمہ نے راج کپور اور دلیپ کمار کے آبائی گھروں سے متعلق صوبائی حکومت کو رپورٹ ارسال کی ہے جب کہ صوبائی حکومت نے عمارات سے متعلق تفصیلات بھی طلب کرلی ہیں جس کے بعد ان عمارتوں کو خریدنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ محکمہ آثار قدیمہ کے حکام کے مطابق راج کپور کا آبائی گھر آرکیالوجی ایکٹ کے تحت تاریخی ورثہ ہے جسے گرانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی جب کہ ان عمارات پر کسی قسم کا کوئی کام بھی نہیں کیا جا سکتا۔