جمعرات, 21 نومبر 2024


سنگر ’عالمگیرخان‘ کی زندگی پر فلم، ہیرو فواد خان ہوں گے

ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ) بالی وڈ ہو یا پاکستانی فلمی صنعت۔ لگتا کچھ یوں ہے کہ آج کل دونوں کے فلم بنانے والوں کو مشہور و معروف ہستیوں پر فلمیں، جنہیں عرف عام میں ’بائیو پک‘ بھی کہا جاتا ہے، بنانا کچھ زیادہ ہی بھا گیا ہے۔ بالی ووڈ میں تو یکے بعد دیگرے کئی فلمیں بن چکی ہیں، جبکہ پاکستان میں اس کی حالیہ مثال ’منٹو‘ ہے۔

اب پاکستانی سپراسٹار اور بالی وڈ شائقین کے پسندیدہ، فواد خان کو بھی ان کے پرستار جلد ہی ایک بائیوپک میں جلوہ گر ہوتے دیکھیں گے۔ فواد خان نے اپنے ٹوئٹر اکاوٴنٹ پر پرستاروں کو یہ خبر سنائی کہ وہ پاکستان میں پاپ سنگنگ کی بنیاد رکھنے اور اسے عروج دینے والے مایہ ناز گلوکار، عالمگیر کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم 'البیلا راہی' میں مرکزی کردار ادا کریں گے جس کے لئے وہ بہت پُرجوش ہیں۔

فلم کا نام 'البیلا راہی' عالمگیر کے سپرہٹ گانے 'البیلا راہی' سے لیا گیا ہے۔ 'البیلا راہی' کے فیس بک پیج پر فلم کے بارے میں تفصیلات بتاتے ہوئے کہا گیا ہے کہ فلم عالمگیر کے عام آدمی سے لے کر پاکستان میوزک انڈسٹری کی مشہور شخصیت بننے تک کے سفر کی کہانی ہے۔ عالمگیر شہرت کے بام عروج تک پہنچنے کے دوران جن نشیب و فراز سے گزرے 'البیلا راہی' میں وہی سب کچھ فلمانے کی کوشش کی جائے گی۔

'البیلا راہی' پروڈیوس کرنے والے ’بینرفوگ کیچر فلمز‘ نے فلم کے تعارف کے لئے کراچی میں ایک تقریب کا اہتمام کیا جس میں یہ اعلان کیا گیا کہ فلم پر کام جلد شروع کیا جائے گا۔ تقریب میں موجود فواد خان نے 'البیلا راہی'  گا کر سماں باندھ دیا اور حاضرین سے پرجوش داد سمیٹی۔ عالمگیر نے ویڈیو لنک کے ذریعے تقریب سے خطاب میں فلم میکرز اور فوادخان کا شکریہ ادا کیا اور ان کی کوششوں کی تعریف کی۔

فلم کے ڈائریکٹر سلطان غنی کا کہنا تھا کہ 'البیلا راہی' کی ریلیز کی حتمی تاریخ تو ابھی نہیں دی جاسکتی، لیکن فلم 2017میں سینما گھروں کی زینت بنے گی۔ سلطان غنی نے یہ بھی کہا کہ عالمگیر کے کردار کو بڑے پردے پر پیش کرنے کے لئے فواد خان سے بہتر بھلا اور کون ہو سکتا ہے؟ فواد سنگر رہ چکے ہیں اور شہرت کی ان بلندیوں پر ہیں جو کیرئیر کے عروج کے دنوں میں عالمگیرکا مقدر تھیں۔

 

’البیلا راہی‘ کا اسکرپٹ فیصل ہاشمی نے لکھا ہے جبکہ فلم کے میوزک ڈائریکٹر کا انتخاب ابھی ہونا باقی ہے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Media

Leave a comment