جمعرات, 21 نومبر 2024


’جنگل بک‘ اور ’فین‘ پاکستانی باکس آفس پر ہٹ ہوگئیں

ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ) ہالی وڈ کی فلم ’جنگل بک‘ پاکستانی شائقین کو بھا گئی اور فلم کے باکس آفس کلیکشنز میں ہر گزرتے دن کے ساتھ کمی کے بجائے اضافہ ہی ہو رہا ہے، جبکہ شاہ رخ خان کی فین کی مقبولیت دس دن بعد بھی روز اول کی طرح برقرار ہے۔ شاہ رخ خان کی فلم ’فین‘ ریلیز کے 10 دنوں میں تقریباً 9 کروڑ اور 50 لاکھ روپے کا کاروبار کر چکی ہے اور ملٹی پلیکسز و سنگل اسکرینز دونوں طرح کے سینماوٴں میں اچھا بزنس کر رہی ہے۔ فین کو 81 اسکرینز پر ریلیز کیا گیا تھا۔ یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ ’فین‘ بھارتی باکس آفس پر کوئی خاص کمال دکھانے میں کامیاب نہ ہوسکی۔

مشہور ناول نگار رڈیارڈ کپلنگ کے ناول ’دی جنگل بک‘ پر بنی اسی نام کی فلم پاکستان میں ہٹ ہوگئی۔ پاکستان بھر کے65 اسکرینز پر ریلیز ہوئی ’دی جنگل بک‘ اپنی ریلیز کے اوپننگ ویک اینڈ پر 35 ملین کمانے میں کامیاب رہی۔ ’دی جنگل بک‘ کے ہٹ ہونے کی بڑی وجہ یہ ہے کہ فلم3ڈی فارمیٹ میں ریلیز کی گئی۔ فلم نے سب سے زیادہ بزنس پنجاب اور اس کے بعد کراچی میں کیا۔

فلم کی پذیرائی کو دیکھتے ہوئے امید ہے کہ فلم کمائی کے حوالے سے دس کروڑ روپے کا ہندسہ عبور کر جائے گی۔ اینی میٹیڈڈ فلم ’دی جنگل بک‘ کے کرداروں کو اپنی آواز دینے والوں میں بل مرے، بین کنگسلی، ادریس البا، اسکارلٹ جونسن اور دیگر شامل ہیں۔ ’جنگل بک‘ انٹرنیشنل باکس آفس پر اب تک پانچ سو اٹھائیس اعشاریہ پانچ ملین ڈالرز کا بزنس کر چکی ہے۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Media

Leave a comment