اتوار, 24 نومبر 2024


انسٹاگرام نے ایک ارب سنگ میل طے کرلیا

ایمز ٹی وی (ٹیکنالوجی)گوگل پلے اسٹور پر انسٹاگرام نے ایک ارب بار ڈاﺅن لوڈ ہونے کا سنگ میل طے کرلیا۔ اینڈرائیڈ پولیس کے مطابق فیس بک کی زیرملکیت چوتھی ایپ نے یہ سنگ میل حاصل کیا ہے۔ جی ہاں فیس بک کے ساتھ ساتھ واٹس ایپ اور میسنجر کو ایک ارب سے زائد مرتبہ اینڈرائیڈ فونز پر ڈاﺅن لوڈ کیا جاچکا ہے اور اب فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام اس فہرست میں چوتھی ایپ بن گئی ہے۔

واضح رہے کہ ایپ کو ڈاﺅن لوڈ کرنے کی تعداد صارفین کے نمبر کا تعین نہیں کرتی کیونکہ ڈیوائسز میں ایپ کو کئی بار ڈاﺅن لوڈ کیا جاسکتا ہے مگر پھر بھی یہ ایک زبردست سنگ میل ہے کیونکہ بہت کم ایپس ہی اسے حاصل کرپاتی ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ستمبر 2015 کے اعدادوشمار کے مطابق اینڈرائیڈ فونز استعمال کرنے والے صارفین کی کل تعداد 1.4 ارب ہے۔

انسٹاگرام نے رواں سال جولائی میں اعلان کیا تھا کہ اس کے ماہانہ صارفین کی تعداد 50 کروڑ سے تجاوز کرچکی ہے جبکہ 30 کروڑ افراد اس ایپ کو روزانہ استعمال کرتے ہیں۔ دوسری جانب انسٹاگرام میں گزشتہ مہینوں کے دوران کافی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ مئی میں اس کا لوگو اور ڈیزائن تبدیل کیا گیا۔

جون میں اس ایپ میں نئی الگورتھم ٹائم لائن کو متعارف کرایا گیا جس میں پوسٹس کو وقت اور تاریخ کی بجائے صارفین کی دلچسپی کی بنیاد پر پیش کیا جاتا ہے۔ اگست میں انسٹاگرام میں اسنیپ چیٹ جیسا اسٹوریز فیچر پیش کیا گیا جو عارضی سلائیڈ شوز کی تیاری میں مدد دیتا ہے اور جو 24 گھنٹے بعد ڈیلیٹ ہوجاتا ہے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment