اتوار, 19 مئی 2024


رواں سال کا آخری چاند گرہن پاکستان میں کب ہوگا؟

ایمز ٹی وی (مانیٹرنگ ڈیسک) اس سال کا آخری چاند گرہن 16 اور 17 ستمبر 2016 کی درمیانی رات کو ہوگا اور یہ پورے پاکستان میں دیکھا جاسکے گا۔
پاکستانی وقت کے مطابق یہ چاند گرہن رات 9 بج کر 54 منٹ پر شروع ہوگا اور11 بج کر 54 منٹ پر اپنے عروج کو پہنچنے گا جب کہ رات ایک بج کر 53 منٹ پر اختتام پذیر ہوجائے گا۔ یعنی یہ چاند گرہن 3 گھنٹے 59 منٹ تک جاری رہے گا۔
اس چاند گرہن کے وقت پاکستان میں 14 ذی الحج 1437 ہجری کی رات ہوگی جس کا مطلب یہ ہے کہ آسمان پر پورا چاند ہوگا جب کہ گرہن کی ابتداء سے اختتام تک اُفق سے چاند کی بلندی خاصی زیادہ رہے گی۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس رات پاکستان میں عمومی طور پر مطلع صاف رہنے کا امکان ہے اور پورے پاکستان سے اس چاند گرہن کا نظارہ کیا جاسکے گا۔
اگرچہ یہ مکمل چاند گرہن نہیں ہوگا لیکن پھر بھی اس دوران چاند کا زیادہ سے زیادہ 90.8 فیصد تک حصہ تاریکی میں ڈوب جائے گا۔ یہ اس سال کا آخری چاند گرہن بھی ہوگا۔
2017ء میں 2 چاند گرہن ہوں گے جن میں سے پہلا تقریباً مکمل جب کہ دوسرا جزوی ہوگا۔ 2018ء میں آنے والے دونوں چاند گرہن مکمل ہوں گے یعنی ان میں پورا کا پورا چاند کچھ دیر کے لیے مکمل تاریک ہوجائے گا۔ البتہ پاکستان میں اس سال کا دوسرا مکمل چاند گرہن ہی پوری طرح سے دیکھا جاسکے گا۔
واضح رہے کہ چاند گرہن کے دوران زمین کا سایہ چاند پر پڑرہا ہوتا ہے جب کہ سورج گرہن میں سورج اور زمین کے درمیان چاند آجاتا ہے۔ سورج گرہن ہو یا چاند گرہن، دونوں میں سے کسی کا تعلق بھی نحوست یا بدنصیبی سے ہرگز نہیں بلکہ ان کا شمار مظاہرِ فطرت میں کیا جاتا ہے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment