بدھ, 27 نومبر 2024


فیس بُک میسنجر ایپ کے لیے اسنیپ چیٹ کا فیچر چرالیا گیا

ایمز ٹی وی (مانیٹرنگ ڈیسک) فیس بک لگتا ہے کہ اپنی حریف ویڈیو شیئرنگ ایپ اسنیپ چیٹ سے بہت زیادہ متاثر ہے جس کے فیچرز وہ ایک کے بعد ایک چوری کررہی ہے۔ اب اس نے ایک بار پھر اپنی میسنجر ایپ کے لیے اسنیپ چیٹ کا فیچر چرایا ہے جس میں صارفین اپنی تصاویر اور ویڈیوز دوستوں کے ساتھ 24 گھنٹوں کے لیے شیئر کرسکیں گے جس کے بعد وہ خودبخود غائب ہوجائیں گی۔ اور ہاں صارفین تصاویر اور ویڈیوز کو ٹٰکسٹ، اسکریبلز، اسٹیکرز اور دیگر متعدد چیزوں سے اسی طرح سجا سکیں گے جیسے اسنیپ چیٹ اسٹوریز میں کیا جاتا ہے۔

اگر آپ کو یاد نہ ہو تو ہم بتا دیتے ہیں کہ 2013 میں فیس بک نے اسنیپ چیٹ کو تین ارب ڈالرز کے عوض خریدنے کی ناکام کوشش بھی کی تھی۔ یہ نیا 'میسنجر ڈے' نامی فیچر اس وقت پولینڈ کے صارفین کو آزمانے کا موقع دیا گیا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اسی طرح کا فیچر اگست میں فیس بک نے اپنی فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام کے لیے بھی متععارف کرایا تھا۔ خیال رہے کہ فیس بک نے حال ہی میں میسنجر کے لیے انسٹنٹ ویڈیو کا فیچر بھی متعارف کرایا تھا جس کا مقصد صارفین کو بات چیت کے دوران ویڈیوز شیئر کرنے کا فوری اور آسان طریقہ فراہم کرنا ہے، یہ فیچر بھی اسنیپ چیٹ کے اسی طرح کے ملتے جلتے فیچر جیسا ہی تھا۔ فیس بک میسنجر کے ترجمان کے مطابق لوگ ہماری ایپ پر روزمرہ کے لمحات اپنے دوستوں اور رشتے داروں سے شیئر کرنے کے لیے آتے ہیں جس کے لیے ہم نے یہ میسنجر ڈے نامی فیچر متعارف کرایا ہے۔ امکان ہے کہ آنے والے ہفتوں میں یہ نیا فیچر دنیا بھر کے صارفین کے لیے دستیاب ہوگا۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment