ایمز ٹی وی (مانیٹرنگ ڈیسک) سام سنگ نے گلیکسی نوٹ 7 کے صارفین کو دیگر فونز کی جانب جانے کے لیے اپنی جانب سے پیسے دینے کا بھی اعلان کردیا ہے، چاہے صارف آئی فون یا کسی اور کمپنی کی ڈیوائس کا ہی انتخاب کیوں نہ کرے۔ سام سنگ کی جانب سے خطرناک قرار دیئے جانے والے گلیکسی نوٹ 7 کو دنیا بھر سے واپس طلب کرنے اور اس کی تیاری و فروخت روکنے کے اقدامات تو پہلے کیے جاچکے ہیں اور اب وہ صارفین سے بھی اس کی واپسی کے لیے پرکشش اقدام کررہی ہے۔ کمپنی کی جانب سے صارفین کو پیشکش کی گئی ہے کہ اگر وہ گلیکسی نوٹ 7 کی جگہ سام سنگ کا کوئی اور فون جیسے ایس سیون یا ایس سیون ایج کو لیتے ہیں تو انہیں سو ڈالرز (دس ہزار پاکستانی روپوں سے زیادہ) دیئے جائیں گے۔
تاہم اگر صارفین کو جنوبی کورین کمپنی کی ڈیوائسز پر یقین نہ ہو تو انہیں کسی اور کمپنی کا رخ کرنے پر ری فنڈ رقم کے ساتھ 25 ڈالرز دیئے جائیں گے۔ سام سنگ کا کہنا ہے کہ یہ اس کی جان سے صارفین کی تکلیف کا احساس کرتے ہوئے انہیں سراہنے کے لیے ایک خراج تحسین ہے۔ فی الحال اس اسکیم کا آغاز امریکا سے کیا گیا ہے اور دیگر مارکیٹوں کے بارے میں فی الحال کچھ نہیں کہا گیا تاہم امکان ہے کہ اس کا اطلاق بتدریج دنیا بھر میں ہوسکتا ہے۔ رواں ہفتے کے شروع میں سام سنگ نے گلیکسی نوٹ 7 کو باضابطہ طور پر ختم کرنے کا اعلان کیا تھا جس کی وجہ اس کی بیٹریوں کے پھٹنے کے واقعات سامنے آنا تھا۔
گزشتہ چند ہفتوں کے دوران اس ڈیوائس کے پھٹنے کے واقعات دنیا بھر میں سامنے آئے، جس کے بعد سام سنگ نے انہیں واپس طلب کیا اور پھر ان کی جگہ متبادل نوٹ سیون کی فروخت شروع کی۔ تاہم ان محفوظ قرار دیئے گئے فونز کے پھٹنے کے واقعات کے بعد جنوبی کورین کمپنی نے اس کی پروڈکشن روکنے اور انہیں دنیا بھر سے طلب کرنے کا اعلان کیا۔ سام سنگ نے دنیا بھر کے صارفین کو کہا ہے کہ وہ فوری طور پر اس فون کو بند کرکے کمپنی کو واپس بھجوا دیں۔