اتوار, 24 نومبر 2024


موسم کی تبدیلی، مریضوں کی شرح میں اضافہ

 

 

ایمز ٹی وی ( صحت)موسم کی تبدیلی پر شہری ناک اور گلے کے امراض میں مبتلا ہوسکتے ہیں۔

اس لئے ماہرین امراض ناک ،کان وگلہ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے تلی ہوئی، زیادہ کھٹی ،چکنی و ٹھنڈی چیزوں سے پرہیز کریں ،دھول مٹی اور دھوئیں سے دور رہیں اور اے سی بند رکھتے ہوئے سلو پنکھا چلائیں ۔

بصورت دیگر یہ امراض سنگین نوعیت اختیار کر سکتے ہیں ۔جناح اسپتال کے ای این ٹی سرجن ڈاکٹر جاوید جمالی نے بتایا کہ موسم کی تبدیلی کے ساتھ ہی جناح اسپتال میں بڑی تعدادمیں گلے اور نا ک کے امراض میں مبتلا لو گ آرہے ہیں جب بھی موسم خشک یا تبدیل ہوتا ہے اسی طرح مریض آتےہیں ۔

انہوں نے کہا کہ شہری ہر طرح کا ٹھنڈا اور کھٹا کھانا کھالیتے ہیں ۔ تیز پنکھا اور اے سی چلاتے ہیں اوراحتیاط نہیں کرتے ۔ انہوں نے بتایا کہ پنکھے کی براہ راست ہوا نا ک پر لگنے سے نزلہ ہوتا ہے اور اگر کسی کو ناک کی الرجی ہے تو دھول مٹی ناک سے سینے میں جانے پر دمہ کا مرض بھی لاحق ہو سکتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ موٹر سائیکل چلانے والے بالخصوص وہ افراد جنہیں الرجی ہے وہ ہیلمٹ کے ساتھ ماسک کا بھی استعمال کریں۔ سول اسپتال کےشعبہ ناک ، کان وگلہ کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر عاطف حفیظ صدیقی نے بتایا کہ کراچی سمند ر کے قریب ہے اور یہاں دھول مٹی بہت زیادہ ہوتی ہے جس پر لوگ احتیاط نہیں کرتے اور ناک کی الرجی سے متاثر ہو جاتے ہیں۔

عباسی شہید اسپتال کے شعبہ امراض ناک ، کان وگلہ کے سربراہ پروفیسر خالد اشرفی نے بتایا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی موسم کی تبدیلی کے بعد عباسی شہید اسپتال میں ناک اور گلے کے امراض کےدرجنوں مریض آرہے ہیں۔

 
 

 

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment