جمعہ, 22 نومبر 2024


بلیو ٹوتھ کا نیا ورژن جلد متعارف کرایا جائے گا

 

 

یمز ٹی وی (مانیٹرنگ ڈیسک)بین الاقوامی ’’بلیوٹوتھ اسپیشل انٹرسٹ گروپ‘‘ (ایس آئی جی) نے وائرلیس رابطہ معیار کے نئے ورژن ’’بلیو ٹوتھ 5‘‘ کی تفصیلات جاری کردی ہیں جن کے مطابق یہ اپنے پچھلے ورژن کے مقابلے میں نہ صرف زیادہ تیز رفتار ہوگا بلکہ اس سے زیادہ فاصلے پر آلات کے درمیان رابطہ بھی کیا جاسکے گا۔ بلیوٹوتھ کا پہلا ورژن 1998 میں پیش ہوا جس کے بعد سے اس میں ترمیم، اضافے اور بہتری کا سلسلہ جاری ہے۔ بلیوٹوتھ کا تازہ ترین ورژن 4.2 ہے جس کی سہولت تقریباً تمام نئے لیپ ٹاپ کمپیوٹرز، ٹیبلٹس اور اسمارٹ فونز میں موجود ہے۔ بلیوٹوتھ معیار کو مزید بہتر بناتے ہوئے اس کے ورژن 5 میں ایسے کئی مسائل حل کیے گئے ہیں جو پچھلے ورژن میں استعمال کے دوران سامنے آئے تھے۔ البتہ بلیوٹوتھ 5 کے اہم ترین فیچرز کا تعلق اس کی رینج اور رفتار سے ہے۔ اب تک کوئی بلیوٹوتھ کنکشن زیادہ سے زیادہ 100 میٹر کے فاصلے تک کام کرسکتا تھا لیکن ایس آئی جی کا کہنا ہے کہ نئے معیار میں یہ فاصلہ 4 گنا کردیا گیا ہے۔ بلیو ٹوتھ فائیو کی دوسری اہم بات ڈیٹا ٹرانسفر اسپیڈ ہے جو نئے معیار میں پہلے کی نسبت دُگنی ہے۔ بلیوٹوتھ 5 کی تیسری سب سے خاص بات اس کے ایک سگنل میں ڈیٹا کی گنجائش ہے جسے بڑھا کر پہلے کے مقابلے میں 8 گنا کردیا گیا ہے۔ یعنی اس نئے معیار کے تحت کسی بھی پیغام کو نشر یا وصول کرنے کے لیے 8 گنا کم سگنلوں کی ضرورت ہوگی۔ بلیوٹوتھ 5 اسی قبیل کے پرانے معیارات پر بھی قابلِ استعمال (backward compatible) ہوگا جو بہت ضروری بھی ہے۔ اندازہ ہے کہ وائرلیس رابطے کے اس جدید ترین معیار سے استفادہ کرنے والے اوّلین آلات آئندہ 6 ماہ تک تیار ہوجائیں گے لیکن بلیوٹوتھ 5 کا اصل زمانہ اگلے سال یعنی 2018 میں شروع ہوگا کیونکہ تب تک بیشتر ٹیکنالوجی کمپنیوں کو یہ ٹیکنالوجی اپنے نئے اسمارٹ فونز اور ٹیبلٹس وغیرہ میں سمونے کے لیے خاصا وقت مل چکا ہوگا۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment